جے پور 12فروری:گزشتہ دنوں راجستھان حکومت کے ذریعہ اسکولوں میں سوریہ نمسکار لازم کرنے کی ہدایت جاری کی گئی تھی، بالخصوص 15 فروری کو سبھی اسکولوں میں سوریہ سپتمی کے موقع پر اسے لازم کیا گیا ہے۔ اس کے تناظر میں صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود اسعد مدنی کی ہدایت پر جمعیۃ علماء راجستھان کی مجلس عاملہ کا ایک اہم اجلاس مسلم مسافر خانہ جے پور میں منعقد ہوا۔منظور شدہ قرار داد میں اسکولوں میں 15 فروری کو سوریہ سپتمی کے موقع پر طلبہ، والدین اور دیگر کے لیے اجتماعی ’سوریہ نمسکار‘ کے حکومتی حکم کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ یہ مذہبی معاملات میں کھلی مداخلت اور آئین میں دی گئی مذہبی آزادی کے خلاف ہے۔ لہذا مسلم کمیونٹی سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ 15.02.2024 کو سوریہ سپتمی کے دن طلبہ کو اسکول نہ بھیجیں اور اس تقریب کا بائیکاٹ کریں۔ دریں اثنا، جمعیۃ علماء ہند سمیت دیگر مسلم تنظیموں نے راجستھان ہائی کورٹ میں ایک مشترکہ عرضی داخل کی ہے، جس میں 15 فروری کے پروگرام اور اسکولوں میں لازمی سوریہ نمسکار کے فیصلے کو کالعدم کرنے کی مانگ کی گئی ہے۔ عدالت میں آج جمعیۃ علماء ہند کی جانب سے وکیل ظہور نقوی موجود تھے، حالانکہ آج ہی سماعت پر زور دیا گیا، لیکن معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے عدالت نے 14 فروری کی تاریخ مقرر کی ہے۔ جے پور میں جاری جمعیۃ کے اجلاس میں ریاست بھر سے جمعیۃ کے قائدین نے شرکت کی۔ ریاستی مجلس عاملہ نے واضح کیا کہ اکثریتی ہندو سماج میں سوریہ کو خدا/دیوتا کے طور پر پوجا جاتا ہے۔ اس عمل میں بولے جانے والے کلمات، شلوک وغیرہ جیسی سرگرمیاں پوجا کی ایک شکل ہیں، جب کہ مسلمانوں کے لیے اللہ کے سوا کسی کی عبادت شرک ہے۔ اس لیے امت مسلمہ کسی بھی صورت میں اسے قبول نہیں کرے گی۔ جمعیۃ علماء ہند یہ مانتی ہے کہ کسی بھی جمہوری ملک میں یوگا کے بہانے کسی خاص مذہب کے عقائد کو دوسرے مذاہب کے لوگوں پر مسلط کرنا، بالخصوص بچوں کو مجبور کرنا آئینی اصولوں اور مذہبی آزادی نیز چائلڈ رائٹس کی کھلی خلاف ورزی اور ایک مذموم کوشش ہے۔ ہم ملک کے جمہوری نظام کے مطابق اس کے خلاف ہر سطح پر آواز بلند کریں گے۔
تریپورہ میں 15 قبائلی مظاہرین حراست میں لئے گئے
اگرتلہ، 12 فروری (یو این آئی) تریپورہ میں پیر کو وزیر اعلیٰ ڈاکٹر مانک ساہا کی رہائش گاہ کے سامنے احتجاج کرنے والے تقریباً 15 قبائلی مظاہرین کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔