رانچی 29اکتوبر:جھارکھنڈ کے سمڈیگا ضلع میں ایک بڑا ریل حادثہ پیش آیا ہے، جہاں راؤرکیلا سے رانچی آ رہی مال گاڑی کے 10 ڈبے پٹری سے اتر گئے۔ یہ حادثہ کناوارا ریلوے اسٹیشن کے پاس ہوا، جس سے رانچی-راؤرکیلا ریل ڈویژن پر آمد و رفت بری طرح متاثر ہو گیا ہے۔ یہ حادثہ ضلع کے بانو بلاک کے کناوارا ریلوے اسٹیشن کے آگے پول نمبر 35/524 اور 33/524 کے درمیان ہوا۔ اس حادثہ میں ریل کے 10 ڈبے پٹری سے اتر گئے، جبکہ حادثہ میں 3 سے 4 بوگیاں بری طرح ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوئی ہیں۔ اس شدید ریل حادثہ کے سبب اَپ اور ڈاؤن دونوں ریلوے لائن متاثر ہوئے ہیں۔ حادثہ کی خبر ملتے ہی ریلوے سیکورٹی فورس اور سمڈیگا ضلع کی بانو تھانہ پولیس موقع پر پہنچی اور حادثہ کے اسباب کی جانچ میں مصروف ہو گئی۔ اس حادثہ میں غنیمت یہ رہی کہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ حالانکہ حادثہ کے بعد اس روٹ پر چلنے والی کئی ٹرینیں متاثر ہوئی ہیں۔ واقعہ کے بعد متاثرہ کچھ ٹرینوں کو شارٹ ٹرمنیٹ کیا جا رہا ہے، یا پھر متبادل راستوں سے اس کو چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ٹرین نمبر 586559 ہٹیا-راؤرکیلا پیسنجر 29 اکتوبر کو رَد بھی کر دیا گیا۔
شاہجہانپور، 29 اکتوبر (یو این آئی) اتر پردیش کے ضلع شاہجہانپور کے چوک کوتوالی علاقے میں بدھ کے روز پولیس کی جانب سے جوا کے اڈے پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران ایک نوجوان پولیس کی گرفت سے بچنے کے لیے ندی میں کود گیا، جس کے نتیجے میں وہ ڈوب کر ہلاک ہو گیا۔