ممبئی 24اپریل: ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس (ڈی آر آئی) نے ممبئی میں سونے کی اسمگلنگ کے ایک بڑے ریکیٹ کا پردہ فاش کیا ہے۔ ایک سرچ آپریشن کے دوران ڈی آر آئی نے 10.48 کروڑ روپئے کا سونا، چاندی، نقدی اور کئی مہنگے سامان ضبط کیے ہیں جبکہ دو افریقی شہریوں کے ساتھ چار لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ڈی آر آئی افسران کے مطابق پیر (22 اپریل) کو جنوبی ممبئی کے ایک سونا پگھلانے والے ورکشاپ میں تلاشی کی مہم میں دو افریقی شہریوں سمیت چار لوگوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ افسران نے بتایا کہ ہمیں اطلاع ملی تھی کہ افریقہ سے ممبئی سونا اسمگل کیا گیا ہے اور زویری بازار میں اس کو پگھلا کر سہولت کے مطابق اسے مارکیٹ میں پہنچا یا جا رہا ہے۔ اس اطلاع کی بنیاد پر ہم نے کارروائی کی جس میں 10.48 کروڑ روپئے کا سونا، چاندی و نقدی برآمد ہوا ہے۔ ڈی آر آئی افسران نے بتایا کہ میلٹنگ پلانٹ میں سرچ آپریشن میں الگ الگ شکل میں بیرونِ ملک سے آیا 9.31 کلو سونا اور 16.66 کلو چاندی برآمد ہوئی۔ افسران نے پلانٹ کے آپریٹر کو گرفتار کر لیا۔ اس کے علاوہ اس کے ایک اور ساتھی کو بھی گرفتار کیا جو ریکروٹر کا کام کرتا تھا۔ وہ غیر ملکی شہریوں سے اسمگل شدہ سونا اکٹھا کرنے، اسے یہاں لانے کے لیے کیرئیر کا بندوبست کرنے اور اسے پگھلا کر مقامی مارکیٹ میں پہنچانے کا ذمہ دار تھا۔ پکڑا گیا ریکروٹر سونے کی اسمگلنگ سنڈیکیٹ کا اہم رکن ہے۔ وہ سونا لانے والے افریقیوں سے مال لے کر اسے پگھلانے کے لیے دیتا تھا۔ پھر سونا پروسیڈ ہوجانے کے بعد اسے نزدیکی بازار میں دوسرے خریداروں کو بیچ دیتا تھا۔ دونوں ملزمین سے تفتیش کے بعد میلنٹگ پلانٹ اور اور ریکروٹر کے دفتر کی تلاشی لی گئی، جس کے دوران ڈی آر آئی نے 190,000 امریکی ڈالر نقد برآمد کیے، جو اس نے خریداروں سے پیشگی ادائیگی کے طور پر وصول کیے تھے۔
ڈی آر آئی کی ایک ٹیم خریداروں کے مقام پر بھی گئی، مگر ٹیم کے وہاں پہنچنے سے پہلے ہی لوگ بھاگ چکے تھے۔ ڈی آر آئی کے افسران نے خریداروں کے ٹھکانے سے 351 گرام غیر ملکی سونا اور 1.818 گرام چاندی اور 1.92 کروڑ روپے کی نقد رقم برآمد کی۔ اس ریکیٹ میں شامل افریقی شہری قریبی ہوٹل میں ٹھہرے ہوئے تھے۔ ہوٹل پر چھاپہ مار کر دونوں کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتاری کے بعد تمام ملزمان نے سونے کی اسمگلنگ میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔