بھوپال، 10/جون:بزم حامد حسن شاد اور نیو جنریشن بھوپال ادب کے روح رواں جناب ساجد حسن(سب کی پسند) نے پریس ریلیز میں معلومات دیتے ہوئے بتایا کہ شہرۂ آفاق شاعر (پدم شری) جناب بشیر بدرؔ کو خراج عقیدت پیش کرنےکے لئے ایک تعزیتی مشاعرے “یاد بشیر بدرؔ“ کااہتمام 11/جون بروز جمعرات ایس ایم کانوینٹ اسکول شہید نگر میں رات 9 بجے سے کیا گیا ہے۔جس میں بطور مہمان ذی وقار ایم پی اردو اکادمی کی ڈائریکٹر ڈاکٹر نصرت مہدی صاحبہ جبکہ بطور مہمانان خصوصی جناب کوثر صدیقی،جناب اقبال مسعود اور جناب ظفر صہبائی شرکت فرمائیں گے۔ نظامت کے فرائض جناب عارف علی عارفؔ اورعامر اظہرصاحبان انجام دیں گے۔جناب ساجد حسن نے بتایا کہ مذکورہ مشاعرے میں شہر غزل بھوپال کے سینئر و جونیئر شعراء(تقریباً 50 شعراء)کی شرکت متوقع ہے۔اس کے علاوہ سیہور، رائسین، ودیشہ، راجگڑھ، آشٹہ،بیاورہ وغیرہ کے شعرا بھی شرکت فرما رہے ہیں جس سے یہ مشاعرہ ایک بڑے صوبائی مشاعرے میں تبدیل ہو گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ شعرا حضرات سے درخواست ہے کہ وہ جو غزل پڑھیں وہ بشیر بدر کی زمین میں ہو اور پانچ اشعار پر مشتمل ہو ۔تاکہ بشیر صاحب کو حقیقی طور پر خراج تحسین ادا کیا جاسکے۔
شہر غزل بھوپال کےسبھی محبان ادب سے پروگرام میں شرکت کر مایہ ناز شاعر بشیر بدر کو خراج عقیدت پیش کرنے کی درخواست کی ہے۔









