یہ ملک کسی کے باپ کی جاگیر نہیں ہے یہ 140 کروڑ لوگوں کا دیش ہے: بھگونت مان

0
15

نئی دہلی 31مارچ:انڈیا الائنس کی میگاریلی سے خطاب کرتے ہوئے پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان نے مودی حکومت پر جم کر تنقید کی اور کہا کہ جمہوریت خطرے میں ہے۔ ان کو لگتا ہے کہ یہ ڈنڈے سے سب چلا لیں گے لیکن یہ ملک کسی کے باپ کی جاگیر نہیں ہے، یہ 140 کروڑ لوگوں کو دیش ہے۔ وزیر اعلیٰ بھگونت مان نے مزید کہا کہ ’’یہ آزادی ہمیں ہزاروں شہیدوں کی قربانیوں سے ملی ہے۔ یہ اِن کے کسی باپ دادا کی جاگیر نہیں ہے۔ کیا سمجھتے ہیں یہ کسی کو بھی اندر کردیں گے، جو اسپتال بناتا ہے اس کو بھی اندر کردیں گے، جو اسکول بناتا ہے اس کو بھی اندر کردیں گے ، کسی پارٹی کے کھاتے فریز کردیں گے کسی کے لیڈر کو فریز کردیں گے۔ کیا ایسے جیتو گے؟ ہم وہ پتے نہیں ہیں جو شاخ سے ٹوٹ کر گر جائیں گے، آندھیوں سے کہہ دو کہ اپنی اوقات میں رہیں۔ بھگونت مان نے کہا کہ یہ سمجھتے کیا ہیں جس کے گھر چاہو ای ڈی بھیج دو، جس کی چاہو ممبرشپ کینسل کر دو اور جس کا چاہو اس کا گھر چھین لو۔ کیا تم ان گھروں کے مالک ہو؟ ان گھروں کی مالک ملک کی 140 کروڑ کی عوام ہے۔ کوئی پتہ نہیں کہ کون کس کو کہاں پہنچائے گا، یہ غلط فہمی میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت وہ کرتے ہیں جن کا دلوں پر راج ہوتا ہے، یو تو کہنے کو تو مرغے کے سر پر بھی تاج ہوتا ہے۔ بھگونت مان نے مزید کہا کہ آج سنیتا جی ،کلپنا جی اور سونیا جی جیسی لوگ یہاں بیٹھی ہیں، میں انہیں سلام کرتا ہوں کہ انہوں نے کتنے دکھ جھیلے پھر بھی کتنے حوصلے کے ساتھ بیٹھی ہیں۔ آپ (عوام) کا پیار سب سے بڑا آکسیجن ہے۔ یہ تالیاں کسی کو ایسے نہیں ملتیں۔ کسی کو دہاڑی دے کر ’مودی مودی‘ کروانا بہت آسان ہے۔ جب کوئی دل سے بولتا ہے تو وہ بات اثر رکھتی ہے۔