نئی دہلی 19دسمبر: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے ذریعہ پارلیمنٹ میں ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے تعلق سے دیے گئے متنازعہ بیان کے خلاف کانگریس سمیت دیگر اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈران پارلیمنٹ احاطہ میں لگاتار مظاہرہ کر رہے ہیں۔ آج بھی کئی پارٹیوں کے اراکین پارلیمنٹ نے ہاتھ میں ڈاکٹر امبیڈکر کی تصویر لے کر امت شاہ سے معافی کا مطالبہ کیا، لیکن اس درمیان بی جے پی اراکین پارلیمنٹ نے کچھ ایسا کیا جس سے دھکا مُکی والے حالات پیدا ہو گئے۔ بی جے پی کے 2 اراکین پارلیمنٹ اس میں زخمی ہو گئے جس کے لیے بی جے پی نے راہل گاندھی کو مورد الزام ٹھہرایا ہے۔ لیکن اس معاملے میں کانگریس رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی نے بی جے پی کو ہی کٹہرے میں کھڑا کر دیا ہے اور کہا ہے کہ ’’یہ سب امت شاہ کو بچانے کی سازش ہے۔‘‘ پرینکا گاندھی نے کہا کہ ’’ہم روزانہ صبح 10 بجے سے 11 بجے تک احتجاجی مظاہرہ کرتے ہیں، لیکن اب تک کوئی حادثہ نہیں ہوا۔ آج جو کچھ بھی ہوا ہے، وہ ایک سازش ہے۔ جو ہمیں روک رہے تھے، ہم نے ان سے کہا تھا کہ ’جئے بھیم‘ بول کر دکھائیں۔ ہم نے کچھ نہیں کہا، بس اپنے آئین کے لیے نعرہ لگایا۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’اگر اس ملک کے لوگ سوچتے ہیں کہ یہ لوگ (بی جے پی والے) آئین کی حفاظت کر رہے ہیں، تو انھیں غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہیے۔ کیونکہ امت شاہ کی زبان نے ان کا حقیقی چہرہ ظاہر کر دیا ہے۔ وہ جئے بھیم بھی نہیں کہہ سکتے۔ میں انھیں چیلنج پیش کرتی ہوں کہ یہاں آ کر جئے بھیم بول کر دکھائیں۔‘‘