نئ دہلی4اگست:لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے جمعہ یعنی2 اگست 2024کو دعویٰ کیا تھا کہ ایوان میں چکرویوہ والے بیان کے بعد ای ڈی ان کے مقام پر چھاپہ مارنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ اس حوالے سے ملک بھر میں سیاست شروع ہو گئی ہے۔ کانگریس لیڈر ابھیشیک منو سنگھوی نے بی جے پی کے خلاف ایکس پر وارننگ پوسٹ کی ہے جس میں انہوں نے کہا، “اگر ای ڈی راہل گاندھی کو گرفتار کرنے کے بارے میں سوچتا ہے، تو ملک بی جے پی کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دے گا ۔ اس کے بارے میں کبھی نہ سوچیں… کبھی نہیں۔‘‘ واضح رہے کہ قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے دعویٰ کیا کہ ای ڈی کے اندرونی ذرائع نے انہیں چھاپے کی اطلاع دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ وہ کھلے ہاتھ سے ای ڈی حکام کا انتظار کر رہے ہیں۔ایک اور متعلقہ پیش رفت میں، کانگریس کے کے رکن پارلیمنٹ مانیکم ٹیگور نے لوک سبھا میں تحریک التواء کا نوٹس دیا تھا جس میں بی جے پی حکومت کی طرف سے سیاسی ہراسانی کے لیے ای ڈی، سی بی آئی اور محکمہ انکم ٹیکس جیسی ایجنسیوں کے غلط استعمال پر بحث کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ اس معاملے کو لے کرحزب اختلاف کی تمام سیاسی پارٹیاں ایک آواز میں مرکزی حکومت پر حملہ کر رہی ہے۔ عام آدمی پارٹی کی جانب سے کہا گیا کہ راہل گاندھی نے پارلیمنٹ کے اندر حکومت کو بے نقاب کیا اور اسی وجہ سے ان کے خلاف ای ڈی اور سی بی آئی لگائی جا سکتی ہے۔ راشٹریہ لوک تانترک پارٹی اور ناگور کے رکن پارلیمنٹ ہنومان بینیوال نے کہا کہ راہل گاندھی ٹھیک کہہ رہے ہیں اور مرکز تحقیقاتی ایجنسیوں کا غلط استعمال کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کسی شخص کو بدنام کرنے کے لیے ای ڈی کے چھاپے مار سکتا ہے یا سی بی آئی بھیج سکتا ہے، لیکن اس بار اپوزیشن مضبوط ہے۔