یہ بی جے پی کا ایگزٹ پول ہے جو کئی مہینے پہلے تیار کر لیا گیا تھا

0
12

لکھنو2جون:اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے 2024 کے لوک سبھا انتخابات کے ایگزٹ پولز پر ردعمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اس ایگزٹ پول کے پیچھے کرونولوجی ہے۔ انہوں نے ایکس پر ایک پوسٹ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ آخراس ایگزٹ پول کے پیچھے کیا کرونولوجی ہے۔ سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے اپنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’ایگزٹ پول کی کرونولوجی کو سمجھئے: اپوزیشن نے پہلے ہی اعلان کردیا تھا کہ بھاجپائی میڈیا بی جے پی کو 300 پار دکھائے گا، جس سے دھوکہ دہی کی گنجائش پیدا ہو سکے۔ یہ بی جے پی کا ایگزٹ پول کئی مہینے پہلے تیار کیا گیا تھا اور اسے چینلوں نے چلایا آج ہے۔ اس ایگزٹ پول کے ذریعے رائے عامہ کو دھوکہ دیا جا رہا ہے۔ اس ایگزٹ پول کو بنیاد بنا کر بی جے پی کے لوگ پیر کو کھلنے والے اسٹاک مارکیٹ سے جاتے-جاتے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔ اگر یہ ایگزٹ پول جھوٹے نہ ہوتے اور بی جے پی واقعتاً ہار نہیں رہی ہوتی تو بی جے پی والے اپنوں پر ہی الزام نہ لگاتے۔ بی جے پی والوں کے مرجھائے ہوئے چہرے ساری حقیقت بیان کر رہے ہیں۔ بی جے پی سمجھ رہی ہے کہ پورے ملک کا نتیجہ چنڈی گڑھ کے میئر کے انتخاب کی طرح بدلا نہیں جا سکتا، کیونکہ اس بار اپوزیشن پوری طرح چوکنا ہے اور عوامی غصہ بھی عروج پر ہے۔
بی جے پی سے ملے ہوئے بدعنوان افسران بھی سپریم کورٹ کی فعالیت کو دیکھ کر دھاندلی کرنے کی ہمت نہیں کر پا رہے اور وہ عوامی غصے کا بھی شکار نہیں بننا چاہتے ہیں۔