لکھنو16مارچ: سماجوادی پارٹی کے سربراہ اور اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے ہفتہ کے روز پارٹی کارکنان کو لوک سبھا انتخاب میں پوری تیاری سے جٹنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس انتخاب سے ہندوستان کا مستقبل طے ہوگا۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ ہمیں پسماندوں، دلتوں اور اقلیتوں (پی ڈی اے) کے ذریعہ بی جے پی کو شکست دینا ہے۔ اکھلیش یادو نے سماجوادی پارٹی کے ریاستی ہیڈکوارٹر میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی کمیشن نے لوک سبھا انتخاب کا اعلان کر دیا ہے اور اس انتخاب میں ہندوستان کا مستقبل طے ہونا ہے۔ سماجوادی پارٹی ہیڈکوارٹر سے جاری ایک بیان کے مطابق اکھلیش کا کہنا ہے کہ یہ انتخاب جمہوریت کے لیے بڑا امتحان ہے، اس لیے آج سے ہی سبھی کو کمربستہ ہو جانا چاہیے اور انتخابی تشہیر میں مصروف ہو جانا چاہیے۔ انھوں نے مزید کہا کہ بی جے پی 2024 لوک سبھا انتخاب کے بعد عوام کو ووٹ کا حق بھی نہیں ملنے دے گی، اس لیے آج سے ہی سبھی کو بی جے پی کے خلاف محاذ کھول دینا چاہیے۔اکھلیش یادو نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی حکومت کے دور میں جرائم اور بدعنوانی عروج پر پہنچ گئے ہیں۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی حکومت میں سب سے زیادہ گھوٹالے اور گھپلے ہوئے ہیں۔ اتنا ہی نہیں، لوگوں کو فرضی معاملوں میں پھنسانے اور اپوزیشن لیڈران کو بدنام کرنے کے لیے ای ڈی، سی بی آئی، انکم ٹیکس جیسی مرکزی ایجنسیوں کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے۔ انھوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ سماجوادی پارٹی کی حکومت میں جو ترقیاتی کام ہوئے تھے، اسی کو اپنا بتا کر یا نام بدل کر موجودہ حکومت اپنی واہ واہی کر رہی ہے۔ اکھلیش یادو کا کہنا ہے کہ بی جے پی انگریزوں والی ’پھوٹ ڈالو اور راج کرو‘ پالیسی کے تحت سماج میں نفرت پھیلانے اور تقسیم کرنے کا کام کر رہی ہے۔ بی جے پی کا ایجنڈا فرقہ واریت پھیلانا ہے۔ اب عوام سب کچھ سمجھنے لگی ہے۔
بی جے پی سب سے بزدل پارٹی ہے اور عوام کے غصے سے ڈر چکی ہے، اس لیے بی جے پی اقتدار پر جمے رہنے کے لیے سبھی حدیں توڑ رہی ہے۔ بی جے پی اقتدار پر بنے رہنے کے لیے کچھ بھی کر سکتی ہے۔