یکطرفہ میچ میںافغانستان نے نیوزی لینڈ کو میں شکست دی

0
10

یکطرفہ میچ میںافغانستان نے نیوزی لینڈ کو میں شکست دی

گیانا 08 جون (یو این آئی) رحمان اللہ گرباز (80) اور ابراہیم زدران (44) کے درمیان سنچری شراکت کے بعد افغانستان نے فضل الحق فاروقی (17/4) اور راشد خان (17/4) کی مہلک گیندبازی کی مدد سے ہفتہ کو ٹی 20 ورلڈ کپ کے ایک میچ میں نیوزی لینڈ کو 84 رن سے شکست دے دی۔ پروویڈنس اسٹیڈیم میں افغانستان نے ٹاس ہار کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے چھ وکٹ پر 159 رن بنائے جس کے جواب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 15.2 اوورز میں 75 رن بناکر سمٹ گئی۔ ٹی ٹوئنٹی میچوں میں نیوزی لینڈ کے خلاف یہ افغانستان کی اب تک کی پہلی اور سب سے بڑی فتح ہے۔
کیوی ٹیم میں صرف گلین فلپس (18) اور میٹ ہنری (12) ہی ڈبل فیگرز کو چھو سکے۔ گرباز اور زدران کی جوڑی نے مسلسل دوسری سنچری پارٹنرشپ کی اور یہ ایک ریکارڈ ہے۔ یہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں مسلسل دو اننگز میں سنچری شراکت بنانے والی تیسری جوڑی بن گئی ہے۔ تاہم ایسا کرنے والی یہ پہلی اوپننگ جوڑی ہے جس نے اکیلے ہی افغانستان کو رواں ورلڈ کپ میں مسلسل دوسری جیت دلائی ہے۔ نیوزی لینڈ کو پہلے میچ میں ہی شکست ہوئی ہے۔ اب نیوزی لینڈ کا مقابلہ ویسٹ انڈیز سے ہوگا اور اس کا کوالفکیشن داؤ پر رہے گا۔
گرباز اور ابراہیم کی ہٹ اوپننگ جوڑی نے ایک بار پھر اپنی ٹیم کو شاندار آغاز دیا۔ دونوں نے پہلی وکٹ کے لیے 14.3 اووروں میں 103 رن جوڑے۔ سست آغاز کے بعد گرباز نے گیئر بدلے اور 56 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے پانچ چوکے اور پانچ چھکے لگائے۔ تاہم اس کے بعد نیوزی لینڈ کے گیند بازوں نے شاندار واپسی کی اور مسلسل وکٹیں لے کر افغانستان کو 159 کے اسکور پر روک دیا۔ ٹرینٹ بولٹ اور میٹ ہنری نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کا آغاز مایوس کن تھا جب فاروقی نے پہلی ہی گیند پر فن ایلن کو کلین بولڈ کردیا۔ اس کے بعد انہوں نے تیسرے اور پانچویں اوور میں بھی ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ نیوزی لینڈ کی آخری وکٹ بھی فاروقی کے کھاتے میں گئی۔
صرف 28 رن پر تین وکٹیں گنوانے کے بعد کیوی بلے بازوں نے سنبھلنے کی کوشش کی لیکن راشد خان کے حملوں کی وجہ سے ٹیم تاش کے پتوں سے بنی عمارت کی طرح گرنے لگی۔ راشد نے کین ولیمسن کی وکٹ سے شروعات کی اور پھر اگلے ہی اوور میں مسلسل دو وکٹیں لیں۔ محمد نبی نے بھی دو وکٹیں اپنے کھاتے میں ڈالیں۔ راشد اور فاروقی دونوں نے چار چار وکٹیں حاصل کیں۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں یہ تیسرا موقع ہے جب دو گیند بازوں نے ایک اننگز میں چار چار وکٹیں حاصل کی ہیں، جس میں افغانستان کے گیند بازوں نے دو بار ایسا کیا ہے اور راشد دونوں بار شامل رہے ہیں۔
میچ کے بہترین کھلاڑی بننے والے گرباز نے مسلسل دوسری بار 75 یا اس سے زائد رن کی اننگز کھیلی ہے۔ وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں مشترکہ طورپر مسلسل دوسری سب سے زیادہ اننگز میں ایسا کرنے والے بلے باز بن گئے ہیں۔ انہوں نے وراٹ کوہلی کی برابری کر لی ہے۔