ایودھیا11فروری: اتر پردیش کے ارکان اسمبلی اتوار کی دوپہر تقریباً 12 بجے ایودھیا پہنچے اور رام مندر میں پوجا ارچنا کی۔ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ ارکان کے مندر کے دورے میں شرکت کے لئے مہاراشٹر کے پونے سے یہاں پہنچے تھے۔ آئی اے این ایس کی رپورٹ کے مطابق، ارکان اسمبلی کو لے کر آنے والی دس بسیں مخصوص داخلی نقطہ سے مندر کے احاطے میں داخل ہوئیں اور مندر ٹرسٹ کے ممبران بشمول چمپت رائے نے ارکان اسمبلی اور کونسل کا استقبال کیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ کانگریس اور بہوجن سماج پارٹی کے ارکان بھی اس سفر کا حصہ تھے، جبکہ سماجوادی پارٹی نے اس سے دوری اختیار کی۔ ارکان اسمبلی نے مندر کے احاطے میں ایک گھنٹے سے زیادہ وقت گزارا۔ ایک سینئر افسر نے ضلع کی جانب سے کہا، یہ یقینی بنانے کے لیے خصوصی توجہ دی گئی ہے کہ وی آئی پی دورے کی وجہ سے زائرین کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔ وی آئی پی زائرین کو مندر کے پورے احاطے کی سیر کرائی گئی۔ تاہم، مندر میں زیادہ بھیڑ کے باعث، ایم ایل اے ہنومان گڑھی میں پوجا نہیں کر سکے۔ بعد ازاں، ارکان اسمبلی نے دوپہر کے کھانے کے لئے خصوصی طور پر تیار کردہ ‘بھوگ پرساد کھایا۔ اس سے قبل، جب اراکین اسمبلی ایودھیا پہنچے تو ان کا پرجوش استقبال کیا گیا اور ‘جے شری رام کے نعرے لگائے گئے۔
مختلف مقامات پر لوگوں نے ارکان اسمبلی پر پھولوں کی بارش کی۔