لکھنؤ23فروری: اتر پردیش کانسٹیبل بھرتی امتحان میں پیپر لیک ہونے کا الزام لگاتے ہوئے جمعہ کو لکھنؤ کے ایکو گارڈن میں ہزاروں امیدواروں نے مظاہرہ کیا۔ انہوں نے ریکروٹمنٹ بورڈ کے خلاف نعرے لگائے اور دوبارہ امتحان لینے کا مطالبہ کیا۔ تمام مظاہرین نے ہاتھوں میں ہورڈنگز اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ طلباء کے مستقبل کے ساتھ ناانصافی کی گئی ہے۔ پیپر لیک نہ صرف ایک جگہ بلکہ کئی جگہوں پر ہوا ہے۔ احتجاج کرنے والے امیدواروں کا کہنا تھا، پرچے لیک ہوئے ہیں، ہم نے اس کے ثبوت بھی دیے ہیں۔ اس کی بنیاد پر دوبارہ امتحان لیا جائے، تاکہ محنت کر کے امتحان کی تیاری کرنے والوں کو موقع مل سکے۔‘‘ امیدوار رمیش نے بتایا کہ پرچہ لیک ہوا ہے اور پرچہ ’بھنڈارے‘ (لنگر کے کھانے) کی طرح تقسیم کیا گیا ہے۔ جن لوگوں نے محنت کی اور 120 سوالات حل کیے ہیں وہ سمجھ گئے ہیں کہ پیپر لیک ہونے کی وجہ سے ان کی محنت رائیگاں گئی۔ اس سے پہلے اتر پردیش پولیس ریکروٹمنٹ اینڈ پروموشن بورڈ نے امیدواروں سے تحریری امتحان کے سوالیہ پرچے کے لیک ہونے سے متعلق ثبوت فراہم کرنے کو کہا۔ اس سلسلے میں امیدوار اپنی نمائندگی ثبوت و شواہد کے ساتھ جمعے کی شام 6 بجے تک بورڈ کی ای میل آئی ڈی پر بھیج سکتے ہیں جس کی جانچ پڑتال کے بعد امیدواروں کے مفاد میں مزید کارروائی کی جائے گی۔ خیال رہے کہ امتحان میں سوالیہ پرچہ لیک ہونے اور دیگر غلطیوں کے دعووں کی تحقیقات کے لیے اے ڈی جی/ ممبر سکریٹری کی سربراہی میں ایک اندرونی انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔