بدایوں یکم اپریل:اتر پردیش کے بدایوں ضلع میں ایک دلدوز سانحہ پیش آیا ہے۔ پیر کی سہ پہر اسلام نگر تھانہ علاقہ کے ایک قصبہ میں پٹاخوں کے ایک گودام میں زوردار دھماکہ ہوا جس سے ایک 2 منزلہ مکان منہدم ہو گیا۔ جس وقت یہ حادثہ پیش آیا مکان کے اندر شوہر، بیوی اور دو بچوں سمیت پانچ افراد موجود تھے۔ یہ تمام افراد ملبے کے نیچے دب گئے۔ حادثے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے ریسکیو ٹیم کی مدد سے شوہر اور ایک بچے کو ملبے سے بحفاظت نکال لیا ہے جبکہ بیوی اور ایک بچے سمیت تین افراد ہنوز پھنسے ہوئے ہیں۔ یہ حادثہ اسلام نگر تھانہ علاقہ کے موہالی قصبہ میں پیش آیا۔ بتایا جاتا ہے کہ قصبہ کے رہائشی اختر نے اپنے گھر کی پہلی منزل پر پٹاخوں کا گودام بنا رکھا تھا جبکہ پورا خاندان دوسری منزل پر رہتا تھا۔ پٹاخے کے گودام میں پیر کی سہ پہر اچانک دھماکہ ہوا۔ دھماکہ اتنا زوردار تھا کہ اختر کا دو منزلہ مکان گر گیا۔ اس حادثے کے وقت اختر اپنی بیوی، دو بچوں اور ایک دیگر شخص کے ساتھ گھر میں موجود تھا۔ دھماکہ کی وجہ سے سبھی گھر کے ملبے تلے دب گئے۔ دھماکہ کی آواز سن کر لوگ فوراً جائے حادثہ کی جانب دوڑے۔ لوگوں نے فوری طور پر پولیس کواطلاع دی۔ پولیس نے فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیم کو طلب کیا، جس کے بعد ریسکیو ٹیم نے اختر اور اس کے ایک بچے کو بحفاظت باہر نکال لیا جب کہ اس کی بیوی اور ایک بچے سمیت تین افراد ہنوز ملبے کے نیچے دبے ہوئے ہیں۔ ریسکیو ٹیم انہیں بچانے کی کوشش کر رہی ہے۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی بلسی کے ایس ڈی ایم، سی او اور دیگر افسران بھی موقع پر پہنچ گئے۔ زخمی اختر اور اس کے ایک بچے کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔