نئی دہلی 10مارچ:ٹیم انڈیا کے سابق آل راؤنڈر یوسف پٹھان کو ان کے بھائی اور سابق کرکٹر عرفان پٹھان نے سیاست میں قدم رکھنے پر مبارکباد دی ہے۔ عرفان نے جذباتی پوسٹ کے ذریعے اپنے بھائی کے فیصلے کی حمایت کی ہے اور ان کی حوصلہ افزائی بھی کی ہے۔ خیال رہے کہ ترنمول کانگریس نے اتوار کو آئندہ لوک سبھا انتخابات 2024 کے لیے بنگال سے پارٹی کے 42 امیدواروں کا اعلان کیا، جس میں یوسف پٹھان کا نام بھی شامل ہے۔ یوسف کو بہرام پور حلقہ سے امیدوار قرار دیا گیا ہے۔ ٹکٹ کا اعلان ہونے کے بعد عرفان پٹھان نے اپنے بھائی کو سیاست میں آنے کے فیصلے پر مبارکباد دی۔ عرفان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا، ’’آپ کے صبر، رحم دلی، بغیر سرکاری عہدے کے بھی ضرورت مندوں کی مدد اور لوگوں کی خدمت کی آسانی سے شناخت کی جا سکتی ہے۔ مجھے یقین ہے کہ ایک بار جب آپ سیاسی زندگی میں قدم رکھ دیں گے، تو آپ لوگوں کی روزمرہ کی زندگیوں میں صحیح معنوں میں تبدیلی لائیں گے۔‘