برلن، 10 جولائی (یو این آئی) لیمین یامل اور دانی اولمو کے شاندار گول کی بدولت اسپین نے بدھ کو فرانس کو دو-ایک سے شکست دے کر یورو 2024 کے فائنل میں جگہ بنالی۔میچ کے دوران سپین کے 16 سالہ یامل نے میدان میں غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور گول کر کے اپنی ٹیم کو میچ میں واپسی دلائی اور اس کے ساتھ ہی انہوں نے یوروکپ میں سب سے کم عمر میں گول کرنے والے کھلاڑی کے طور پر تاریخ میں اپنا نام درج کرایا۔پہلے ہاف کا کھیل انتہائی تیز کھیلا گیا جہاں 8ویں منٹ میں فرانس کے کولو موآنی نے گول اسکور کرکے فرانس کو برتری دلوائی، جس کے بعد اسپین کی ٹیم دباؤ میں نظر آئی لیکن یہ زیادہ دیر قائم نہ رہا اور 21ویں منٹ میں اسپین کے لامین یمال نے گول باکس کے باہر سے شاندار گول اسکور کرکے مقابلہ برابر کردیا۔
یہ شاٹ اتنا زور دار تھا کہ فرانسیسی گول کیپر کو دفاع کا موقع بھی نہیں ملا۔ چار منٹ بعد اسپین کے ڈینی اولمو نے فرانسیسی دفاع کو توڑتے ہوئے گیند کو جال میں ڈال کر میچ کا رخ اپنی جانب موڑ دیا۔ دوسرے ہاف میں فرانس نے واپسی کی کوشش کی اور کئی حملے کئے۔ اسپین نے دباؤ کا سامنا کیا اور مضبوط دفاعی موقف اپنایا۔ اسپین کا دفاع میچ کے اختتام تک مضبوط رہا اور ٹیم کی فائنل میں پہنچنے کی راہ ہموار ہوئی ۔ فائنل میں اسپین کا مقابلہ انگلینڈ بمقابلہ ہالینڈ کے سیمی فائنل کے فاتح سے ہوگا۔