گیا، 12 اپریل (یو این آئی) لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) کے صدر چراغ پاسوان نے نریندر مودی کے دس سالہ دور کو کامیابیوں سے بھرپور بتاتے ہوئے آج دعویٰ کیا کہ قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) آنے والی لوک سبھا انتخابات میں زبردست جیت درج کرے گا اور مسٹر مودی مسلسل تیسری بار ملک کے وزیر اعظم بنیں گے۔جمعہ کو گیا پارلیمانی حلقہ سے این ڈی اے کے امیدوار اور ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ جیتن رام مانجھی کے حق میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر پاسوان نے کہا کہ آر جے ڈی لیڈر میسا بھارتی کی طرف سے انہیں جیل بھیجے جانے کے بارے میں دیے گئے بیان کے بارے میں کہا کہ یہ کس قسم کی زبان ہے؟ وزیراعظم ملک کا فخر ہیں۔ اس قسم کی زبان ملک اور دنیا کو کیا پیغام دیتی ہے؟ جن کے خاندان والوں پر کرپشن کے الزامات ہیں وہ ایسی زبان استعمال کر رہے ہیں۔ایل جے پی لیڈر نے کہا کہ مرکز اور ریاست میں این ڈی اے کی حکومت ہے۔ اتر پردیش میں بننے والی ڈبل انجن والی حکومت کو دیکھیں، وہ ڈبل انجن والی حکومت کس طرح اتر پردیش کو تیز رفتار ترقی دینے کے لیے کام کر رہی ہے۔ ایسے لیڈروں کو منتخب کرکے پارلیمنٹ میں بھیجنا ضروری ہے، جو آنے والے دنوں میں اس ڈبل انجن والی حکومت کو رفتار دینے کا کام کریں۔