راجکوٹ، 17 فروری (یو این آئی) گیند بازوں کی قاتلانہ کارکردگی کے بعد یشسوی جیسوال (104 ریٹائرڈ ہرٹ) کی شاندار سنچری کی بدولت یہاں کھیلے جا رہے تیسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن ہفتہ کو ہندوستان نے انگلینڈ کے خلاف دوسری اننگ میں دو وکٹ پر 196 رن بناکر اپنی پوزیشن مضبوط کرلی۔ ہندوستان نے پہلی اننگ میں 445 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں انگلینڈ کی پہلی اننگ 319 رنز پر سمٹ گئی تھی۔ 126 رنز کی برتری کے ساتھ ہندوستان نے دوسری اننگ میں کپتان روہت شرما (19) اور رجت پاٹیدار (0) کا وکٹ گنواکر 196 رنز بنالئے تھے۔ دن کا کھیل ختم ہونے کے وقت شبمن گل (65) اور نائٹ واچ مین کے کردار میں کلدیپ یادو تین رنز بناکرکریز پر موجود تھے۔ ہندوستان کی اب تک کی مجموعی برتری 322 رنز ہے جب کہ اس کے آٹھ کھلاڑی ابھی آؤٹ ہونا باقی ہیں تاہم روی چندرن اشون کے خاندانی وجوہات کی وجہ سے میچ درمیان میں ہی چھوڑنے کی وجہ سے اب دوسری اننگ میں ہندوستان کی جانب سے صرف سات بلے بازکا آؤٹ ہونا باقی ہے۔آج کے کھیل کی خاص بات یشسوی جیسوال کی سنچری تھی جنہوں نے اپنی اننگ کا آغاز انتہائی محتاط انداز میں کیا اور وکٹ پر نظر جمانے کے بعد انگلش گیند بازوں کی خوب کلاس لی۔ اپنے ٹیسٹ کیریئر کے ساتویں میچ میں انہوں نے 122 گیندوں میں نو چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے اپنی تیسری سنچری مکمل کی۔
اس سے پہلے یشسوی نے پچھلے ٹیسٹ میں ڈبل سنچری بنائی تھی۔ میدان میں بیٹھے تماشائیوں نے ان کی طوفانی بلے بازی کا لطف اٹھایا۔یشسوی 104 رنز کے ذاتی اسکور پر پٹھوں میں کھچاؤ کے باعث ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔اس سے پہلے ہندوستانی گیند بازوں نے مہمان بلے بازوں کو باندھ کر رکھا۔ بین ڈکٹ (153) کے علاوہ کوئی بھی انگلش بلے باز کریز پر اثر انداز ہونے میں ناکام رہا۔ اولی پوپ (39) اور کپتان بین اسٹوکس (41) نے کچھ دیر کریز پر رہ کر ہندوستانی گیند بازوں کا سامنا کرنے کی ہمت دکھائی۔ ہندوستان کی جانب سے محمد سراج نے 84 رن دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔ روندرا جڈیجہ اورکلدیپ یادو کو دودووکٹ ملے، بمراہ اور اشون کے حصے میں ایک ایک وکٹ آیا۔