نئی دہلی 29جولائی: سپریم کورٹ نے جھارکھنڈ کے وزیر اعلی ہیمنت سورین کو ہائی کورٹ کی طرف سے دی گئی ضمانت کو منسوخ کرنے کی ای ڈی کی درخواست کو مسترد کر دیا ہے۔ پیر (29 جولائی) کو اس درخواست پر سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے کہا کہ ہائی کورٹ سے سورین کو دیے گئے ضمانت کے حکم میں کوئی غلطی نہیں ہے اور اس میں مداخلت کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ اس کے ساتھ ہی عدالت نے ای ڈی کی درخواست کو مسترد کردیا ہے۔ واضح رہے کہ 28 جون کو ہائی کورٹ کی سنگل بنچ نے ہیمنت سورین کو کچھ شرائط کے ساتھ باقاعدہ ضمانت دی تھی۔ ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ یہ پورا معاملہ امکانات پر مبنی ہے۔
اس معاملے میں ای ڈی نے ابھی تک کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہیں کیا ہے کہ ہیمنت سورین کا 8.86 ایکڑ زمین کے قبضے میں براہ راست کوئی کردار ہے۔ یہ بھی ثابت نہیں ہوا کہ سورین نے اس کی آڑ میں کوئی ’جرم‘ کیا ہے۔ ہائی کورٹ کے اس حکم کو چیلنج کرتے ہوئے ایجنسی نے ہیمنت سورین کی ضمانت منسوخ کرنے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔