ہیلی کاپٹر کی دوسری بار تلاشی ادھو ٹھاکرے الیکشن کمیشن کے عہدیداروں پر برہم

0
1

ممبئی12نومبر: شیوسینا (یو بی ٹی) کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے منگل کے روز اپنے ہیلی کاپٹر کی سولاپور میں دوسری بار تلاشی لیے جانے پر غصے کا اظہار کیا۔ ادھو نے سوال اٹھایا کہ جب وزیراعظم نریندر مودی سولاپور میں تھے تو ان کے ہیلی کاپٹر کی تلاشی کیوں نہیں لی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ سب کچھ جان بوجھ کر کیا جا رہا ہے تاکہ انہیں سیاسی طور پر نشانہ بنایا جا سکے۔ ادھو نے بتایا کہ جب اوڈیشہ میں مودی کے ہیلی کاپٹر کی تلاشی لی گئی تھی ایک افسر کو معطل کر دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا، ’’مجھے تلاشی لینے والے عہدیداروں سے کوئی شکایت نہیں ہے، بلکہ ان لوگوں سے شکایت ہے جو دانستہ طور پر اس کارروائی کا حکم دے رہے ہیں۔‘‘ اس سے قبل، الیکشن کمیشن کے افسران نے یوتمال ضلع کے وانی ہیلی پیڈ پر ادھو کے بیگ کی تلاشی لینے کی کوشش کی تھی جس پر وہ ناراض ہو گئے تھے اور اپنے بیگ کی تلاشی کی ویڈیو ریکارڈ کرنا شروع کر دیا تھا۔ اسی طرح دوسری بار سولاپور میں بھی جب ادھو کے ہیلی کاپٹر کی تلاشی لی گئی تو انہوں نے ایک بار پھر عہدیداروں کی ویڈیو ریکارڈ کی اور ان سے سوالات بھی کئے۔ اُدھَو نے کہا، ’’کیا آپ نے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے، نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس اور اجیت پوار کے بیگ کی تلاشی لی ہے؟ کیا آپ نے وزیراعظم مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کے بیگ کی تلاشی لی ہے؟‘‘ جب افسران نے جواب دیا کہ ابھی تک ایسا نہیں کیا گیا، تو ادھو نے مزید کہا کہ اگر وہ آئیں تو ان کے بیگ کی تلاشی بھی لی جانی چاہیے اور اس کی ویڈیو ریکارڈ کی جانی چاہیے۔ انہوں نے اس موقع پر عہدیداروں سے کہا کہ وہ طاقتور سیاستدانوں کی بھی تلاشی لے کر ان کی ویڈیوز شیئر کریں۔ ادھو نے ویڈیو میں کہا، ’’اگر آپ نے میری تلاشی کی ہے تو میں بھی چاہوں گا کہ آپ وزیراعظم مودی اور امت شاہ کے بیگ کی تلاشی بھی لیں اور ان کی ویڈیو مجھے بھیجی جائے۔‘‘ اس تلاشی کے تنازعے کے دوران ادھو نے افسران سے سوال کیا کہ وہ کہاں سے ہیں اور کس کی تلاشی پہلے لی گئی تھی اور اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ غیر مقامی افسران کو تلاشی لینے کے لیے بھیجا گیا۔