کراچی، 18 اپریل (یو این آئی) کپتان ہیلی میتھیوز کی ناٹ آوٹ آل راونڈ کارکردگی (140) اور 17 رن پر تین وکٹوں کی بدولت ویسٹ انڈیز کی خواتین ٹیم نے جمعرات کو پہلے ون ڈے میں پاکستان کو 113 رنز کے بڑے فرق سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔پاکستان کی ٹیم کا آغاز اچھا نہیں تھا اور ٹیم دوسرے ہی اوور میں ایک رن سے سدرہ امین کی صورت میں اپنی پہلی وکٹ گنوا بیٹھی۔ اس کے بعد بسمہ معروف بھی (سات) رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئیں۔ ویسٹ انڈیز ویمنز کے لیے ہیلی میتھیوز اور شیمین کیمبل نے دوسری وکٹ کے لیے 102 رنز کی شراکت قائم کی، شیمین کیمبل نے چار چوکوں کی مدد سے 45 رنز بنائے۔ہیلی میتھیوز نے 150گیندوں پر140 رنز کی کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 15 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔یہ ان کی ون ڈے انٹرنیشنل میں پانچویں اور پاکستان کے خلاف دوسری سنچری کے ساتھ ساتھ اب تک کا کیریئر کا سب سے بہترین اسکور بھی ہے۔ پاکستان کی اسپنر سعدیہ اقبال نے 38 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ لیگ اسپنر طوبیٰ حسن نے بھی دو وکٹیں اپنے نام کیں۔ہدف کے تعاقب میں پاکستان ویمنز ٹیم کی بیٹنگ لائن ناکامی سے دوچار ہوئی اور پوری ٹیم 156 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان طوبٰی حسن 25 رنز کے ساتھ سب سے کامیاب بلے باز رہیں جبکہ منیبہ علی نے 22 اور نجیہہ علوی نے 20 رنز بنائے۔ہیلی میتھیوز نے 17 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ویسٹ انڈین ویمنز ٹیم نے میچ میں 113 رنز سے کامیابی سمیٹ کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔ہیلی میتھیوز کو ان کی عمدہ کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار پائیں۔
دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا میچ اتوار کو کھیلا جائے گا۔