نئی دہلی، 05 فروری (یو این آئی) وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے پیر کو پارلیمنٹ میں کہا کہ اگر کوئی ہندوستان کی طرف دیکھنے کی ہمت کرتا ہے تو ملک کے پاس مناسب جواب دینے کی صلاحیت اور طاقت ہے۔مسٹر سنگھ نے صدر جمہوریہ کے خطبے پر بحث کے دوران صدر کا شکریہ ادا کیا۔
لوک سبھا میں کانگریس پارٹی کے لیڈر ادھیر رنجن چودھری کی طرف سے حکومت پر لگائے گئے الزامات پر وزیر دفاع نے کہا کہ چین کے بارے میں کہی گئی کانگریس کے رکن کی باتوں سے وہ متفق نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا ‘میں اس ایوان کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ ہندوستان اب کمزور نہیں ہے۔ ہندوستان کے پاس مناسب جواب دینے کی خاطرخواہ طاقت اور صلاحیت ہے۔مسٹر سنگھ نے کہا کہ اس ایوان میں ہمارے ملک کو غیر ضروری طور پر بدنام کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایسے بیانات کی مذمت کرتے ہیں۔ ہم اس پر تب ہی بات کریں گے جب ہمیں اس پر بات کرنے کی اجازت ملے گی۔‘‘اس سے پہلے کانگریس کے رکن مسٹر چودھری نے کہا کہ صدر کے خطبے میں ملک کی سلامتی کے بارے میں کچھ نہیں کہا گیا ہے۔ حکومت نے لداخ میں جمود کو بحال کرنے کی بات کی تھی لیکن دو ہزار مربع کلومیٹر زمین پر پہلے ہی قبضہ کیا جا چکا ہے۔ اروناچل سے لداخ تک حالات دن بہ دن خراب ہوتے جا رہے ہیں۔ گلوان میں ہمارے بیس فوجیوں کو شہید ہونا پڑا۔ حکومت کی چین پالیسی مسلسل ناکام رہی ہے۔ کبھی ڈوکلام، کبھی لداخ اور کبھی اروناچل میں ایک کے بعد ایک معاملے سامنے آتے رہے ہیں۔