بنگلورو، 14 جنوری (یو این آئی) ہندوستانی مرد ہاکی ٹیم 22 سے 28 جنوری تک جنوبی افریقہ میں منعقد ہونے والے چار ملکی ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کے لیے اتوار کی صبح کیمپے گوڑا بین الاقوامی ہوائی اڈے (کے آئے اے) سے کیپ ٹاؤن کے لیے روانہ ہوئی۔عالمی درجہ بندی میں تیسرے نمبر پر موجود ہندوستانی مردوں کی ٹیم 22 جنوری کو اپنے پہلے میچ میں نویں نمبر کی فرانس سے مقابلہ کرے گی اور 24 جنوری کو دوبارہ ان کا سامنا کرے گی۔ اس کے بعد اس کا مقابلہ 26 جنوری کو 14ویں رینکنگ میزبان جنوبی افریقہ سے اور 28 جنوری کو ٹاپ رینکنگ ہالینڈ سے ہوگا۔
ہندوستانی کپتان ہرمن پریت نے بنگلورو سے اڑان بھرنے سے پہلے کہاکہ “یہ ہم سب کے لیے ایک ٹیم کے طور پر اپنے کھیل پر مل کر کام کرنے کا بہترین موقع ہے۔ہمارا بنگلورو میں ایک تیاری کیمپ تھا، جہاں ہر ایک نے اپنے کردار کے بارے میں وضاحت کی۔
کچھ نوجوان کھلاڑی ہیں جنہیں ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، خاص طور پر اولمپکس کو ذہن میں رکھتے ہوئے، یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ وہ ہماری ٹیم کو آگے بڑھنے میں کس طرح مدد کرتے ہیں۔نائب کپتان ہاردک نے اپنے کپتان کے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ہمارے پاس ایک بڑا اسکواڈ ہے اور ہم سیزن میں اعلیٰ معیار کی بین الاقوامی ٹیموں کے خلاف کھیلنے کے امکان کو لے کر بہت پرجوش ہیں۔ یہ اولمپکس کا سال ہے اور ہم چاہیں گے کہ ہر ایک کو موقع ملے۔