نئی دہلی11جنوری: ہندوستانی ساختہ سرجیکل روبوٹک سسٹم ‘ایس ایس آئی منتر نے 286 کلومیٹر کی دوری سے ٹیلیر وبوٹک سرجری انجام دے کر طب کی دنیا میں تاریخ رقم کی ہے۔ اس جدید ترین ٹیکنالوجی کی مدد سے دور سے دو کامیاب ‘روبوٹک کارڈیک سرجریاں مکمل کی گئیں۔ ڈاکٹر سدھیر سریواستو نے گڑگاؤں میں بیٹھ کر ایس ایس آئی منتر 3 سرجیکل روبوٹک سسٹم کی مدد سے جے پور کے منی پال اسپتال میں آپریشن کیے۔ پہلا آپریشن ‘انٹرنل میمری آرٹری ہارویسٹنگ تھا، جسے محض 58 منٹ میں مکمل کیا گیا، جب کہ دوسرا آپریشن ‘روبوٹک بیٹنگ ہارٹ ٹی ای سی اے بی تھا، جو کارڈیک سرجری کی سب سے مشکل اقسام میں سے ایک ہے۔ ان پیچیدہ سرجریوں میں تاخیر کا وقت صرف 35 سے 40 ملی سیکنڈ رہا، جس سے انقلابی سائنسی پیش رفت اور تکنیکی مہارت کا مظاہرہ ہوا۔ ڈاکٹر سدھیر سریواستو، جو ایس ایس انوویشن کے بانی اور سی ای او ہیں، نے کہا، “ٹیلیر وبوٹک سرجری کی صلاحیتوں سے ہم جغرافیائی رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے بہترین طبی سہولیات فراہم کر سکتے ہیں۔ ہندوستان جیسے ملک کے لیے، جہاں دیہی آبادی اور صحت کی سہولتوں میں بڑا فرق ہے، یہ انقلابی قدم ثابت ہوگا۔” جے پور کے منی پال اسپتال میں کارڈیک سرجری کے سربراہ ڈاکٹر لَلِت ملک نے کہا کہ یہ ٹیکنالوجی فاصلاتی رکاوٹوں کو دور کر کے مریضوں کو جدید اور وقت پر طبی مداخلت فراہم کرتی ہے۔ ایس ایس انوویشن کا تیار کردہ ایس ایس آئی منتر 3 دنیا کا واحد روبوٹک سسٹم ہے جسے ٹیلیر وبوٹک سرجری اور ٹیلِی پروکٹرنگ کے لیے ریگولیٹری منظوری ملی ہے۔ حال ہی میں سی ڈی ایس سی او سے حاصل کی گئی منظوری نے فاصلاتی سرجری اور میڈیکل ایجوکیشن کے نئے دروازے کھول دیے ہیں۔ اس انقلابی اقدام سے طبی ماہرین کو دور بیٹھ کر بھی علاج کرنے کی سہولت میسر ہوگی۔