چنئی،9 جولائی (یو این آئی) پوجا وستراکر (چار وکٹ)، رادھا یادو (تین وکٹ) کی خطرناک بالنگ کے بعد اسمرتی مندھانا ناٹ آو¿ٹ (54) اور شیفالی ورما ناٹ آو¿ٹ (27) کی شاندار اننگز کی بدولت ہندوستانی خواتین ٹیم نے منگل کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں جنوبی افریقی ٹیم کو 10 وکٹوں سے شکست دی۔ ٹیم انڈیا کی اسمرتی مندھانا اور شیفالی ورما کی اوپننگ جوڑی نے شاندار بلے بازی کی اور صرف 10.5 اوور میں 88 رنز بنا کر 10 وکٹوں سے میچ جیت لیا۔ اسمرتی مندھانا ناٹ آوٹ رہیں اور 40 گیندوں میں آٹھ چوکے اور دو چھکے کی مدد سے 54رنز اور شیفالی ورما نے شاندار اننگز کھیل (27) کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کردیا۔ اس کے ساتھ ہی تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی۔ دوسرا میچ بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیاتھا۔ پہلے میچ میں جنوبی افریقہ نے 12 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔
اس سے قبل ہندوستانی ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کور نے ٹاس جیت کر پہلے بالنگ کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کے لیے آنے والی جنوبی افریقی ٹیم پوجا وستراکر اور رادھا یادیو کی جان لیوا بالنگ کے سامنے بے بس نظر آئی اور پوری ٹیم 17.1 اوورز میں 84 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ جنوبی افریقی ٹیم کی جانب سے تیجمن برٹس نے سب سے زیادہ 20 رنز کی اننگز کھیلی۔ انیکا باش (17) اور مریجن کپ (10) رنز بنانے کے بعد آوٹ ہوئیں۔ باقی ماندہ بلے بازوں میں سے کوئی بھی ڈبل فیگرز تک نہیں پہنچ سکا۔ ہندوستان کے لیے پوجا وستراکر نے 3.1 اوور میں 13 رن دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔ وہیں رادھا یادو نے تین اووروں میں چھ رن دے کر تین وکٹ لیے۔ اروندھتی ریڈی، شرینکا پاٹل اور دیپتی شرما نے ایک ایک بلے باز کو آو¿ٹ کیا۔