بھوپال:یکم؍مارچ:محمد سمیع نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’ابھی ابھی اکیلیز ٹنڈن پر ایڑی کا کامیاب آپریشن ہوا ہے، ٹھیک ہونے میں کچھ وقت لگے گا، لیکن میں واپس اپنے پیروں پر کھڑا ہونے کے لیے بے حد پُرجوش ہوں۔‘‘
ہندوستان کے تیز گیندباز محمد سمیع کے آئی پی ایل میں نہیں کھیلنے کی خبر سے ان کے چاہنے والے بہت مایوس ہوئے تھے، لیکن اب ان کے لیے ایک اچھی خبر سامنے آئی ہے۔ محمد سمیع نے ایڑی کا آپریشن کرا لیا ہے جو کہ کامیاب رہا۔ انھوں نے خود اس سلسلے میں سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعہ جانکاری دی ہے اور کچھ تصویریں بھی شیئر کی ہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر دی گئی جانکاری میں محمد سمیع نے بتایا ہے کہ انھیں پوری طرح صحت مند ہونے میں کچھ وقت ضرور لگے گا، لیکن انھیں کرکٹ کے میدان پر واپسی کا پورا بھروسہ ہے۔ واپسی کے لیے غضب کا جذبہ دکھاتے ہوئے محمد سمیع نے پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’ابھی ابھی اکیلیز ٹنڈن پر ایڑی کا کامیاب آپریشن ہوا ہے! ٹھیک ہونے میں کچھ وقت لگے گا، لیکن میں واپس اپنے پیروں پر کھڑا ہونے کے لیے بے حد پُرجوش ہوں۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ محمد سمیع کو عالمی کپ 2023 کے فائنل مقابلے میں چوٹ لگی تھی اور اس کے بعد سے اب تک انھوں نے کوئی میچ نہیں کھیلا ہے۔ زخمی ٹخنے کے باوجود وہ فائنل مقابلہ کھیلے تھے اور ٹورنامنٹ میں انھوں نے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 24 وکٹ اپنے نام کیے تھے۔ وہ اس عالمی کپ میں سب سے زیادہ وکٹ لینے والے گیندباز رہے تھے، حالانکہ اس کے بعد سے وہ پوری طرح کرکٹ سے دور ہی رہے۔ انھوں نے ٹخنے کا علاج کرایا، لیکن صحت یاب نہیں ہو سکے اس لیے آپریشن کرانا لازمی ہو گیا تھا۔