لندن، 01 جون (یو این آئی) ہندوستانی مرد ہاکی ٹیم نے ایف آئی ایچ پرو لیگ 2023-24 کے فائنل مرحلے کے پہلے میچ میں ہفتہ کو عالمی چیمپئن جرمنی کو 3-0 سے شکست دے دی۔ لی ویلی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ہندوستان کی جانب سے ہرمن پریت سنگھ (16ویں منٹ)، سکھجیت سنگھ (41ویں منٹ) اور گرجنت سنگھ (44ویں منٹ) نے گول کئے۔ اس کے ساتھ ہی جرمنی ایک بھی گول نہ کر سکا۔ ہندوستان ایف آئی ایچ پرو لیگ 2023-24 میں 13 میچوں میں 24 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ ہرمن پریت سنگھ کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم نے شروع سے ہی میچ میں اپنا تسلط برقرار رکھا۔ میچ شروع ہونے کے چند منٹ بعد ہی ہندوستان کو پہلا گول کرنے کا موقع ملا لیکن ٹیم کو کامیابی نہیں مل سکی۔ جرمنی کو تین پنالٹی کارنر ملے لیکن ٹیم ایک بھی موقع سے فائدہ نہ اٹھا سکی اور پہلا کوارٹر گول کے بغیر رہا۔ دوسرے کوارٹر میں گول کی تلاش میں لگی ہندوستانی ٹیم نے اپنا پہلا گول 16ویں منٹ میں کیا۔ ہندوستانی کپتان ہرمن پریت نے پنالٹی کارنر کو گول میں تبدیل کرکے اسکور 1-0 کردیا۔ ہندوستان نے برتری کے ساتھ جارحانہ کھیلتے ہوئے جرمنی پر اپنا تسلط برقرار رکھا اور پہلے ہاف کے اختتام تک اسکور 1-0 رہا۔ جرمنی نے پنالٹی کارنر جیتا لیکن اس کا فائدہ نہیں اٹھا سکا۔ دوسرے ہاف میں جرمنی نے اٹیک کے ساتھ آغاز کیا اور مواقع تلاش کرنے لگا لیکن ہندوستانی ڈیفنس کی اچھی کارکردگی کے باعث اس نے انہیں کامیاب نہیں ہونے دیا۔ جرمنی نے تیسرے کوارٹر میں پنالٹی کارنر حاصل کیا تاہم ٹیم اسکور برابر کرنے میں ناکام رہا۔ 41ویں منٹ میں سکھجیت سنگھ فیلڈ گول کر کے اپنی ٹیم کی برتری کو دگنا کرنے میں کامیاب رہے۔ اس گول کے صرف دو منٹ بعد گرجنت سنگھ بھی گول کرنے میں کامیاب ہو گئے جس کے ساتھ ہی ہندستان نے 3-0 کی برتری حاصل کر لی۔ ہندستان نے تیسرے کوارٹر میں دو گول کیے جبکہ جرمنی ایک بھی موقع کا فائدہ نہ اٹھا سکا۔ چوتھا کوارٹر بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ پراعتماد ہندوستانی مرد ہاکی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور جرمنی کو گول کرنے کا کوئی موقع نہیں دیا۔
جرمنی نے ایک بار پھر گول کرنے کی کوشش کی لیکن پی آر سریجیش نے اسے روک دیا۔ جرمنی نے حملے جاری رکھے اور تین پنالٹی کارنر حاصل کیے لیکن گول کرنے میں ناکام رہا اور ہندستان 3-0 کی برتری کے ساتھ جیت گیا۔ ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم اگلا مقابلہ 2 جون کو برطانیہ کے خلاف کھیلے گی۔