بھوپال:10؍ فروری:(پریس ریلیز)مدھیہ پردیش کانگریس صدر جیتوپٹواری نے آج ریاستی کانگریس ہیڈکواٹر (پی سی سی )میں منعقد مدھیہ پردیش کانگریس اقلیتی محکمہ(شعبہ)کے ریاستی عہدیداروں اورضلع صدور کی میٹنگ کوخطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے موجودہ حالات بہت دشوار گزار اورجدوجہد کرنے کاوقت ہے۔
ہم سبھی کو میں نہیں ’’ہم ‘‘ کے جذبے کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ہم سبھی کو مل کر متحدہوکر کام کرناہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی وہ سمندرہے جوکبھی خالی نہیں ہوسکتا۔ جیتوپٹواری نے کہا کہ ہمارے عظیم رہنماؤں نے آزادی کے لئے تحریک چلائی۔ اورانگریزوں کو ملک سے باہر کرنے میں کامیاب ہوئے۔ لیکن آج نفرت پھیلائی جارہی ہے۔
آئین اور جمہوریت پرحملہ ہورہاہے، ہم سبھی کو ملکر جمہوریت وآئین کو بچانے کے لئے ڈرکرنہیں بلکہ لڑکر اس کی حفاظت کرنا ہے۔ راہل گاندھی کی بھارت جوڑو نیائے یاترا کو لیکر جیتوپٹواری نے کہا کہ سبھی ضلعوں سے اقلیتی فرقے کے لوگوں کو اس یاترا میں شامل ہونا ہے۔ اس کے لئے عملی منصوبہ تیارکرنا اورراہل گاندھی کا جوش وخروش سے استقبال کیاجائے۔ اس موقع پر مدھیہ پردیش اقلیتی ڈپارٹمنٹ کے صدر شیخ علیم نے کہا کہ سبھی کو ملکر آئندہ لوک سبھا انتخابات میں متحدہوکر کام کرنا ہے۔
تاکہ ہم اچھے نتائج حاصل کرسکیں۔ا نہوں نے کہا کہ راہل گاندھی کی بھارت نیائے یاترا ایم پی میں پہنچنے والی ہے،ہم سبھی کو اس میں حصہ لینا ہے۔پروگرام کی نظامت کے فرائض ریاستی کانگریس اقلیتی محکمہ کے جنرل سکریٹری ایڈووکیٹ وسیم قریشی نے انجام دی۔ اس موقع پر اقلیتی محکمے کے عبدالرشید خان، وسیم قریشی،فرحان حسن، فریدخان،راجیش ،سلور راج،دلورسنگھ جسل،پرم جیت سنگھ لالی،نرملاانتھونی وغیرہ موجود رہے۔