اجودھیا:22جنوری(یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر رام مندر میں رام للا کی پران پرتشٹھا کو صدیوں کے بے مثال صبر اور ان گنت قربانیوں اور تپسیا کا صلہ قرار دیتے ہوئے کہا ہمارے رام للا اب ٹینٹ میں نہیں رہیں گے اب مندر میں رہیں گے۔میرا پورا یقین ہے کہ آج یہاں جو کچھ ہوا ہے اس کی خوشی، ملک کے کونے کونے میں رام بھکتوں کو ہورہی ہوگی۔مودی نے رام جنم استھان پر نوتعمیر شدہ مندر میں رام للا کی پران پرتشٹھا کے بعد وہاں موجود دھرم آچاریوں، سادھ سنتوں ودیگر معزز شخصیات سے خطاب کرتے ہوئے کہایہ پل پاک ہے۔ یہ توانائی، یہ گھڑی بھگوان رام کا ہم سب پر آشیرواد، 22جنوری 2024 کا یہ سورج حیرت انگیز چمک لےکر آیا ہے۔ 22 جنوری کیلنڈر پر لکھی ایک تاریخی نہیں یہ ایک نئے دور کا آغاز ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی نے بھگوان شری رام کو حاضر و ناظڑ قرار دیتے ہوئے کہا کہ رام سب کے ہیں۔ سبھی مسائل کا حل ہیں اور پوری دنیا کو آج رام کی ضرورت ہے۔رام بھارت کی آستھا ہیں رام بھارت کا شعور ہیں او رپوری دنیا کو رام کی ضرورت ہے۔رام آگ نہیں، رام توانائی ہے، رام تنازع نہیں رام حل ہیں۔ رام صرف ہمارے نہیں رام سب کے ہیں۔رام صرف موجود نہیں ہے، رام لازوال ہیں ۔