بھوپال:18؍جولائی:(پریس ریلیز) انجمن غلامانِ محمدی کی جانب سے امام حسین کی یاد میں گزشتہ روز بلڈ ڈونیشن کیمپ لگایا گیا۔ جس طرح امام حسین نے اپنی شہادت دے کر انسانیت کو زندہ رکھا، اسی طرح آج تمام مذاہب کے ماننے والوں نے اس کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور خون کے 45 یونٹس کا عطیہ دے کر امام حسین کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد محسن نقوی اور سید عابد حسین نے کیا۔
محسن نقوی نے بتایا کہ حضرت امام حسین، پیغمبر اسلام حضرت محمدؐ کے نواسے تھے جنہوں نے نہایت دلیری اور بہادری سے ناانصافی اور دہشت گردی کے خلاف انسان اور انسانیت کی آواز بلند کی۔ حضرت امام حسینؓ نے اس وقت کے دہشت گرد یعنی یزید کی حکومت کو قبول کرنے سے انکار کر دیا تھا جو دھوکے اور فریب سے اقتدار پر قبضہ کر کے خلیفہ بنا تھا۔ اس انکار کی وجہ سے محرم کے مہینے میں حضرت امام حسینؓ اپنے اہل و عیال اور چنندہ ساتھیوں کے ساتھ کربلا (عرب کا ریتیلا علاقہ) کے میدان میں ناانصافی کے خلاف بھوک پیاس سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔وہیں سید عابد حسین نے کہا کہ امام حسین کی قربانی نہ صرف دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے بلکہ پوری انسانیت کے لیے مشعل راہ ہے۔ حسین ہم سب کے ہیں ۔ لہٰذا ہمیں اپنے طور پر خون کا عطیہ دے کر کربلا میں شہید ہونے والے امام حسین اور ان کے اہل خانہ کو خراج عقیدت پیش کرنا چاہیے۔