پٹنہ 5فروریـ:ایک طرف دہلی میں اسمبلی انتخاب کے پیش نظر ووٹ ڈالے جا رہے ہیں، اور دوسری طرف بہار میں اسمبلی انتخاب کی سرگرمیاں دن بہ دن بڑھتی جا رہی ہیں۔ اس درمیان آر جے ڈی چیف اور سابق وزیر اعلیٰ لالو پرساد یادو نے اپنے بیٹے تیجسوی یادو کو ریاست کا وزیر اعلیٰ بنانے سے متعلق عزم ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے 5 فروری کو وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے آبائی ضلع نالندہ میں ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم لوگ ہر حال میں تیجسوی یادو کو وزیر اعلیٰ بنائیں گے۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’ہم لوگوں کو اکٹھا ہو کر اس ملک میں اپنی حکومت بنانی ہے۔ آپ لوگ کہیں کسی کے سامنے سر مت جھکانا۔ نہ ہم نے کبھی جھکایا ہے اور نہ آپ لوگ کسی کے سامنے جھکنا۔‘‘ لالو پرساد یادو نالندہ واقع اسلام پور اسمبلی کے سابق رکن اسمبلی آنجہانی کرشن ولبھ پرساد کے 24ویں یوم وفات پر منعقد تقریب میں شرکت کرنے پہنچے تھے۔ اس موقع پر انھوں نے لوگوں سے کہا کہ ’’میں آپ لوگوں سے اپیل کرتا ہوں، آپ لوگ اس ملک کی حفاظت کے لیے ایک ساتھ کھڑے ہوں۔ ہم حکومت بنائیں گے۔ تیجسوی یادو کو ہر حال میں ہم لوگ وزیر اعلیٰ بنائیں گے۔‘‘ انھوں نے لگے ہاتھوں کچھ وعدے بھی کر دیے۔ لالو پرساد نے کہا کہ ’’خواتین کو 2500 روپے دیے جائیں گے۔ جس طرح جھارکھنڈ میں دیا جا رہا ہے، اور مفت بجلی بھی دیا جائے گا، روزگار بھی ملے گا۔ ہم جو بولتے ہیں، وہ کرتے ہیں۔‘