ہریانہ کے اسکولوں میں اب بچوں کو ’گڈ مارننگ‘ کی جگہ ’جئے ہند‘ کہنا ہوگا حکومت نے جاری کیا نوٹیفکیشن

0
6

چنڈی گڑھ 9اگست: ہریانہ کی بی جے پی حکومت نے ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے سبھی طلبا کو اسکول میں ’گڈ مارننگ‘ کی جگہ ’جئے ہند‘ کہنے کا حکم صادر کیا ہے۔ رواں سال 77ویں یومِ آزادی کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہریانہ حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ 15 اگست سے طلبا میں قومی اتحاد اور حب الوطنی کا جذبہ بڑھانے کے مقصد سے یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔ ہریانہ حکومت کے محکمہ تعلیم کے ذریعہ جاری 2 صفحات کے اس نوٹیفکیشن میں تذکرہ کیا گیا ہے کہ آخر کس بنیاد پر بچوں کے لیے ’جئے ہند‘ بولنا لازمی کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی اس سرکاری نوٹیفکیشن میں ’جئے ہند‘ کی اہمیت کو بھی واضح کیا گیا ہے۔ اسکولوں کے لیے جاری حکم میں کہا گیا ہے کہ آنے والے 15 اگست کو ترنگا پرچم لہرانے سے پہلے یہ کام اسکولوں میں شروع ہوگا۔ بچوں میں حب الوطنی اور نیشنلزم کو فروغ دینے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ محکمہ نے نوٹیفکیشن میں لکھا ہے کہ ’جئے ہند‘ کا نعرہ سبھاش چندر بوس نے اس وقت دیا تھا جب انھوں نے آزاد ہند فوج قائم کیا تھا۔ اس لیے ہمارے بچوں کے ذہن میں بھی ان لوگوں کے تئیں ایک احترام کا جذبہ پیدا ہوگا جنھوں نے ملک کے لیے اپنی جان کی قربانی دی، جن کی وجہ سے ہم آج آزاد ہوا میں سانس لے رہے ہیں۔ ڈائریکٹر آف ایجوکیشن نے ضلع اور بلاک افسران کو جو ہدایت جاری کی ہے اس میں کہا گیا ہے کہ پرنسپل اور ہیڈماسٹر اس نظام کو جلد از جلد نافذ کریں۔