پٹنہ، 30 جنوری (یو این آئی) ہریانہ اسٹیلرز نے بنگال واریئرس کو 41-36 کے فرق سے شکست دے کر پرو کبڈی لیگ کے 10ویں سیزن کے پوائنٹس ٹیبل میں چوتھے مقام پر پہنچ گیاہے۔یہ ہریانہ کی 16 میچوں میں نویں جیت ہے جب کہ بنگال کی مسلسل تیسری اور مجموعی طور پر ساتویں شکست ہے۔ بنگال کو اپنے دفاع میں ناکامی کی وجہ سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ پاٹلی پترا اسپورٹس کمپلیکس میں پیر کو ہوئے میچ میں ہریانہ کے لیے شیوم پٹارے (12) اور سدھارتھ دیسائی (11) نے اپنی شاندار کارکردگی دکھائی۔ کپتان منیندر سنگھ (13) کی قیادت میں ریڈ میں 28 کے مقابلے میں 29 پوائنٹس حاصل کیے۔
نتن نے 9 پوائنٹس کے ساتھ ان کا اچھا ساتھ دیا۔ ان کا دفاع صرف پانچ پوائنٹس اسکور کر سکا۔ دوسری جانب ہریانہ کے دفاع نے آٹھ پوائنٹس حاصل کیے۔لگاتار دو شکستوں کے بعد جیت کے راستے پر واپس آنے کے لیے بے چین بنگال نے پہلے تین منٹ میں ہی 3-1 کی برتری حاصل کر لی۔ پہلی ریڈ پر آؤٹ ہوئے منیندر نے ریوائیو ہونے کے بعد لگاتار دو پوائنٹس لے کر بنگال کو 5-3 سے آگے کردیا لیکن اکشت نے ملٹی پوائنٹ ریڈ کے ساتھ ابتدائی سات منٹ میں اسکور کو 5-5 کر دیا۔ ہریانہ 10 منٹ کے اختتام تک ایک پوائنٹ سے آگے رہا۔ نتن نے ملٹی پوائنٹ ریڈ کے ساتھ اسکور برابر کردیا۔15 منٹ کے بعد دونوں 15-15 فیلڈ ٹیکل کرچکی تھیں۔ 12-15 کے اسکور پر بنگال کے لیے سپر ٹیکل آن تھا۔ میٹ پر صرف منندر بچے اور انہوں نے سپر ریڈ کے ساتھ اپنے دو ساتھیوں کو ریوائیو کرلیا۔
اس کے بعد ویبھو نے شیوم کو سپر ٹیک کرکے بنگال کو 17-16 کی برتری دلادی۔ ہاف ٹائم سے پہلے ہی فائنل ریڈ پر ایک پوائنٹ اسکور کرنے کے بعد بنگال کی ٹیم دو پوائنٹ کی برتری کے ساتھ بریک پر گئی۔ تاہم بنگال نے جلد ہی اسکور برابر کردیا۔ اس کے بعد صورتحال بدلی اور دیسائی کے شاندار کھیل کی بدولت ہریانہ نے بنگال کو پہلی بارآل آؤٹ کیا اور 24-22 کی برتری حاصل کی۔دیسائی نے ایک ملٹی پوائنٹ ریڈ کے ساتھ اپنا سپر 10 مکمل کیا اور اپنی ٹیم کو چار پوائنٹ کی برتری دلادی۔
دیسائی کے بعد شیوم نے بھی ایک ملٹی پوائنٹ ریڈ کے ساتھ ہریانہ کو 31-27 سے آگے کر دیا۔ بنگال ایک بار پھر آل آؤٹ کی طرف بڑھ رہا تھا۔
منیندر ایک بار پھر اکیلے رہ گئے تھے اور اس بار وہ ساتھیوں کو ریوائیو نہیں کراسکے۔ بنگال کو دوسری بار آل آؤٹ کرتے ہوئے ہریانہ نے 37-29 کی برتری حاصل کرلی تھی۔ تمام کوششوں کے باوجود بنگال کی ٹیم شکست کے فرق کو پانچ تک پہنچاسکی۔