چنڈی گڑھ26ستمبر: ہریانہ اسمبلی انتخاب کی جاری سرگرمیوں کے درمیان لوک سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر راہل گاندھی نے آج ہریانہ کا دورہ کیا۔ انھوں نے یہاں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے واضح لفظوں میں کہا کہ ’’ہریانہ اسمبلی انتخاب میں کانگریس کی آندھی چل رہی ہے اور کانگریس سوئپ کرنے جا رہی ہے۔ ہریانہ میں کانگریس کی حکومت کسی ایک کی نہیں، سبھی کی ہوگی۔‘‘ جمعرات کو راہل گاندھی نے ہریانہ کے اسندھ اور بروالا میں عظیم الشان انتخابی جلسوں سے خطاب کیا جہاں لوگوں کی زبردست بھیڑ دیکھنے کو ملی۔ کانگریس کے ساتھ حمایت کا اظہار کرنے جمع عوام کا جوش دیکھنے لائق تھا جو راہل گاندھی کی تقریر کے دوران ان کی باتوں پر زوردار انداز میں تالیاں بجا رہے تھے۔ امریکہ میں ہریانہ کے نوجوانوں سے ملاقات کا تذکرہ کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ’’وزیر اعظم نریندر مودی اور ہریانہ حکومت نے روزگار کے نظام کو ختم کر دیا ہے، اس لیے ریاست کے نوجوان کام کی تلاش میں بیرون ممالک جانے پر مجبور ہیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ نریندر مودی نے ہریانہ کے نوجوانوں کے لیے راستے بند کر دیے ہیں۔ پبلک سیکٹر کی نجکاری کر دی، لاکھوں سرکاری عہدے خالی تھے لیکن وہ نہیں بھرے گئے، نوٹ بندی اور غلط جی ایس ٹی لگا کر چھوٹے اور متوسط درجہ کے کاروباروں کو تباہ کر دیا۔
فوج میں اگنی ویر نافذ کیا اور نوجوانوں کے خوابوں کو توڑ دیا۔