نئی دہلی18ستمبر: ہریانہ اسمبلی انتخابات کے لیے کانگریس نے آج اپنے گارنٹی کارڈ کا اعلان کیا ہے جس میں عوام کو مختلف فلاحی اسکیموں کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے بدھ کے روز پارٹی کی طرف سے سات اہم ضمانتوں کا اعلان کیا۔ ان میں سے کئی اسکیمیں خواتین، بزرگوں، اور کمزور طبقے کے لوگوں کے لیے مخصوص ہیں۔ دہلی میں اے آئی سی سی کے ہیڈکوارٹر میں ہریانہ اسمبلی انتخابات کے لیے پارٹی کے منشور کے حصے کے طور پر گارنٹی کارڈ جاری کیا گیا۔ اس موقع پر کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال، ہریانہ کے سابق وزیر اعلیٰ بھوپندر سنگھ ہڈا، اور ہریانہ کانگریس کے صدر اودے بھان بھی موجود تھے۔
کانگریس نے اعلان کیا ہے کہ اگر ریاست میں ان کی حکومت بن جاتی ہے تو خط افلاس سے نیچے زندگی گزارنے والے افراد کو دو کمرے کا مکان فراہم کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ، خواتین کو ہر ماہ 2 ہزار روپے کی مالی مدد فراہم کی جائے گی۔ یہ رقم 18 سال سے 60 سال کی عمر کی خواتین کو دی جائے گی، جس کا مقصد خواتین کو اقتصادی طور پر خود مختار بنانا ہے۔ کانگریس کے رہنما دیپک باوریا نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے دور حکومت میں ہرینانا میں جرائم کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔ اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے، خواتین کی خود مختاری کے لیے ہر ماہ 2 ہزار روپے دینے کا وعدہ کیا گیا ہے۔ مہنگائی کی چکی میں پسنے والوں کے لیے، کانگریس نے 500 روپے میں گیس سلنڈر فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔