دبئی، 16 جولائی (یو این آئی) ہندوستانی کپتان ہرمن پریت کور اور سلامی بلے باز شیفالی ورما جنوبی افریقہ کے خلاف حال ہی میں ختم ہوئی سیریز میں شاندار کارکردگی کے بعد آئی سی سی ٹی 20 رینکنگ میں بالترتیب 12 ویں اور 15 ویں نمبر پر پہنچ گئی ہیں۔ ہرمن پریت کے کل 613 ریٹنگ پوائنٹس ہیں جبکہ شیفالی کو دو مقام کا فائدہ ہوا ہے۔سلامی بلے باز اسمرتی مندھانا بدستور پانچویں پوزیشن پر ہیں حالانکہ وہ ہندوستانی کھلاڑیوں میں سرفہرست ہیں۔ بولنگ میں تجربہ کار دیپتی شرما بدستور تیسرے نمبر پر ہیں۔ رادھا یادو آٹھ مقام آگے بڑھ کر 15 ویں، پوجا وستراکر چھ مقام آگے بڑھ کر 23 ویں اور شرینکا پاٹل نو مقام چڑھ کر 60 ویں نمبر پر آگئی ہیں۔ انگلینڈ کی اسپنر سارہ گلین نے 768 پوائنٹس کے ساتھ اپنے کیریئر کی نئی اعلی ترین ریٹنگ حاصل کر لی ہے۔ انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف موجودہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز کے چار میچوں میں آٹھ وکٹیں حاصل کی ہیں۔ وہ پہلے کی طرح دوسری پوزیشن پر برقرار ہے۔ انکی ساتھی سوفی ایکلسٹن سرفہرست ہیں۔