نئی دہلی، 28 جنوری (یو این آئی) ہاکی انڈیا نے اتوار کو تجربہ کار ہاکی اسٹار ہربندر سنگھ کو باوقار پدم شری ایوارڈ سے نوازے جانے پر مبارکباد دی۔
ہربندر سنگھ سنٹر فارورڈ کے طور پر 1964 کے ٹوکیو اولمپکس میں ہندوستان کی گولڈ میڈل جیتنے والی ٹیم کا حصہ تھے۔ ٹیم نے فائنل میں حریف پاکستان کو شکست دے کر گولڈ میڈل جیتا تھا اور اپنے پہلے اولمپکس میں کھیلنے والے ہربندر سنگھ نے مقابلے میں پانچ گول داغے۔ انہوں نے 1961 اور 1972 کے درمیان ہندوستان کے لیے کھیلتے ہوئے تین اولمپک کھیلوں میں حصہ لیا اور ہر ایک میں ایک تمغہ جیتا۔
1964 میں سونے کے تمغے کے علاوہ وہ ہندوستانی ٹیم کا حصہ تھے جس نے 1968 میکسیکو اولمپکس اور 1972 میونخ اولمپکس میں کانسے کے تمغے جیتے تھے۔ وہ ہندوستانی ہاکی کے سنہری دور کا حصہ تھے جب ٹیم نے 1966 میں ایشین گیمز میں طلائی تمغہ اور 1970 میں چاندی کا تمغہ جیت کر ایشیا پر غلبہ حاصل کیا۔
ہربندر سنگھ کو مبارکباد دیتے ہوئے ہاکی انڈیا کے صدر پدم شری ڈاکٹر دلیپ ٹرکی نے کہاکہ ہمیں بہت خوشی ہے کہ ہربندر سنگھ کو ہاکی میں ان کے مثالی کیریئر کے لیے باوقار پدم شری ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ وہ ایک رول ماڈل رہے ہیں۔ ہم میں سے بہت سے لوگوں کے لیے اور وہ ہاکی کے نوجوان ستاروں کی اس نسل کو متاثر کرتے رہیں گے۔ میں انہیں اس اعزاز سے نوازے جانے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔‘‘ہاکی انڈیا کے سکریٹری جنرل مسٹر بھولا ناتھ سنگھ نے کہاکہ ہاکی انڈیا کی طرف سے میں ہربندر سنگھ کو مبارکباد دیتا ہوں۔ وہ ہمیشہ ہندوستان کے بہترین سینٹر فارورڈز میں سے ایک کے طور پر جانے جاتے ہیں، اپنی مرضی سے گول کرتے تھے اور ملک کے لیے بہت سے ایوارڈ جیتتے۔ وہ آج بھی کھیل کی خدمت کر رہے ہیں۔