نئی دہلی، 17 مارچ (یو این آئی) ہاکی انڈیا نے پیرس 2024 اولمپکس کی تیاریوں میں ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم کی مدد کے لیے ڈچ گول کیپنگ کوچ ڈینس وان ڈی پول کی خدمات حاصل کی ہیں۔ڈی پول بھونیشور کے کلنگا اسٹیڈیم میں جاری قومی کوچنگ کیمپ کے دوران ٹیم میں شامل ہوں گے، جہاں وہ ہندوستانی گول کیپرز پی آر سریجیش، کرشن پاٹھک اور سورج کرکیرا کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ ہیڈ کوچ کریگ فلٹن کی نگرانی میں 10 روزہ خصوصی گول کیپنگ کیمپ ٹیم کے دورہ آسٹریلیا پر روانہ ہونے سے ایک ہفتہ قبل 26 مارچ کو اختتام پذیر ہوگا۔ڈینس تقریباً چار سال سے ہندوستانی گول کیپرز کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور 2019 ان کا پہلا دور تھا۔ہاکی انڈیا کے صدر دلیپ ٹرکی نے کہا، “یہ ہندوستانی مردوں کی ٹیم کے لیے ایک بہت اہم مرحلہ ہے اور اولمپک گیمز سے پہلے کے مہینوں میں وہ جو کچھ بھی کریں گے، پیرس میں مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کے لیے اہم ہوگا۔ٹرکی نے کہا، ہمیں ڈینس کو شامل کرنے پر خوشی ہے جو تقریباً چار سال سے گول کیپرز کے اس گروپ کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں اور اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے ضروری چھوٹی موٹی تبدیلیوں کو سمجھتے ہیں۔جنرل سکریٹری بھولا ناتھ سنگھ نے اس اقدام کی توثیق کرتے ہوئے کہا، “ہم جو اقدامات اب کر رہے ہیں، خاص طور پر گول کیپنگ اور ڈریگ فلکنگ جیسے بنیادی شعبوں میں، وہ گیم چینجرز ہیں اور ٹیم کی اجتماعی کارکردگی کو بہتر بنانے میں اہم ہیں۔ ہم ٹیم کی اولمپک گیمز کی تیاریوں میں مدد کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہے ہیں۔‘‘ایف آئی ایچ درجہ بندی میں چوتھے نمبر پر موجود ہندوستان کو پیرس 2024 اولمپک مردوں کے ہاکی ٹورنامنٹ کے لیے پول بی میں رکھا گیا ہے۔ موجودہ اولمپک چیمپئن بیلجیئم، سابق اولمپک چیمپئن آسٹریلیا اور ارجنٹینا، نیوزی لینڈ اور آئرلینڈ گروپ میں شامل دیگر ٹیمیں ہیں۔