نئی دہلی، 4 فروری (یو این آئی) یوں تو دنیا میں متعدد قسم کے کھیل کھیلے جاتے ہیں لیکن عام رائے میں فٹبال دنیا کا سب سے مقبول ترین کھیل مانا جاتا ہے۔ اس کھیل نے سینکڑوں ممالک کو اپنے گھیرےمیں لیا ہوا ہے ۔چونکہ ان ممالک کے درمیان فٹبال کے مقابلوں کا انعقاد ہوتا رہتا ہے لہذا ان ممالک میں چند ایسے کھلاڑیوں کو پیدائش بھی ہوئی ہے جنہوں نے اپنے ملک کا نام تو روشن کیا ہی ہے فٹبال کی مقبولیت میں بھی اضافہ کردیا ہے۔انہیں روشن ستاروں میں سے عالمی شہرت یافتہ فٹبال کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو ہیں۔ فٹ بال کے مشہور کھلاڑی رونالڈو ایک غریب گھرانے میں پیدا ہوئے۔ کم عمری میں ہی فٹ بال کھیلنا شروع کر دیا تھا اور صرف 18 برس کی عمر میں انٹرنیشنل فٹ بال ٹیم میں منتخب ہو گئے تھے۔ کرسٹیانو بہت کم وقت میں اپنے کھیل کے ذریعے لوگوں کے دلوں میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئے تھے اور اس وقت دنیا کے مشہور ترین کھلاڑیوں میں ان کا شمار ہوتا ہے۔ایک متوسط گھرانے میں 5 فروری 1985 کو پرتگال میں پیدا ہونے والے کرسٹیانو رونالڈوآج کسی تعارف کا محتاج نہیں۔ ان کے والد جوز ڈینس ایویرو ، جو میونسپلٹی میں باغبانی کا کام کرتے تھے،اور والدہ ماریا ڈولورس ڈوس سانتوس ایویرو جو گھروں میں کھانا پکاکر گھر کا گذر بسر کرتی تھیں۔ رونالڈو اپنے بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹے ہیں۔ غربت کی وجہ سے رونالڈو نے کسی قسم کی کوئی خاص تعلیم بھی حاصل نہیں کی۔جب رونالڈو 14 برس کے تھے تو انہوں نے اپنے اسکول کے ایک ٹیچر پر کرسی پھینکی اور ایسا کرنے پر انہیں اسکول سے نکال دیا گیا۔کرسٹیانو رونالڈو کا نام ان کے والد نے امریکی صدر کے نام پر رکھا ہے۔ کرسٹیانو کے والد ان کے بہت بڑے مداح تھے۔ اس لیے جب کرسٹیانو رونالڈو پیدا ہوئے تو ان کے والد نے ان کا نام اپنے پسندیدہ شخص کے نام پر رکھا۔