نئی دہلی 11جنوری:13 جنوری 2025 سے شروع ہو رہے مہاکمبھ میں معروف بزنس مین گوتم اڈانی ’آرتی سنگرہ‘ (آرتیوں کا مجموعہ) کی ایک کروڑ کاپیاں عقیدت مندوں کے درمیان مفت تقسیم کریں گے۔ اسی حوالے سے گوتم اڈانی نے جمعہ کو گیتا پریس کے ایک وفد سے ملاقات کی۔ اس تعلق سے پہلے بھی خبر آئی تھی کہ گوتم اڈانی کی کمپنی نے گیتا پریس میں ایک کروڑ مذہبی کتابیں شائع کرنے کا آرڈر دیا ہے۔ جمعہ کو گیتا پریس کے وفد نے اڈانی سے ملاقات کے بعد انہیں گیتا پریس میں شائع ’آرتی سنگرہ‘ سمیت مختلف کتابیں پیش کیں۔ گوتم اڈانی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اس حوالے سے ایک پوسٹ کیا ہے۔ پوسٹ میں انہوں نے لکھا ہے کہ ’’یہ ہمارے لیے نہایت ہی اطمینان کی بات ہے کہ اس ’مہایگیہ‘ میں باوقار ادارہ گیتا پریس کی مدد سے ’آرتی سنگرہ‘ کی ایک کروڑ کاپیاں کمبھ میں آئے عقیدت مندوں کی خدمت میں مفت پیش کر رہے ہیں۔‘‘ اڈانی نے اس پوسٹ میں مزید لکھا ہے کہ ’’آج سناتن ادب کے ذریعہ 100 سالوں سے ملک کی خدمت کر رہے گیتا پریس کے معزز عہدیداروں سے مل کر کافی متاثر ہوا۔ گیتا پریس کے بہترین خدمات کے لیے اظہار تشکر کرنے کا شرف حاصل ہوا۔ بے لوث خدمات اور مذہب و ثقافت کے تئیں ذمہ داری کا احساس حب الوطنی کی ہی ایک شکل ہے جس کے لیے ہم سب پُرعزم ہیں۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’مہاکمبھ ہندوستانی تہذیب اور مذہبی عقیدے کا مہایگیہ ہے۔ خدمت ہی عبادت ہے، خدمت ہی دعاء ہے اور خدمت ہی خدا ہے۔‘‘ مہاکمبھ کے حوالے سے گوتم اڈانی نے کہا کہ ’’کمبھ خدمت کی وہ سرزمین ہے جہاں ہر ہاتھ خود بخود خیرات اور مدد کے لیے اٹھ جاتا ہے۔ یہ میری خوش قسمتی ہے کہ مہاکمبھ میں ہم ’اسکان انک‘ کے ساتھ مل کر عقیدت مندوں کے لیے ’مہاپرساد سیوا‘ شروع کر رہے ہیں جس میں ’ماں اناپورنا‘ کے آشیرواد سے لاکھوں لوگوں کو مفت کھانا فراہم کرایا جائے گا۔ اس تناظر میں آج اسکان کے گرو پرساد سوامی جی سے مل کر خدمت کے تئیں لگن اور جذبے کی قوت کو دیکھنے کا موقع ملا ہے۔