نئی دہلی 24جولائی:کانوڑیوں کی بڑی تعداد گنگا کا پانی لینے کے لیے ہری دوار پہنچ رہی ہے مگر طغیانی کی وجہ سے بہت کانوڑیئے گنگا کی تیز لہروں میں بھی پھنس جا رہے ہیں۔ ان میں سے کچھ تو ڈوبنے بھی لگتے ہیں۔ ایسے کانوڑیوں کی جان بچاتے ہیں عاشق علی جو ایس ڈی آر ایف کے ہیڈ کانسٹبل ہیں۔ عاشق علی اور ان کی ٹیم گنگا میں ڈوبنے والے 6 کانوڑیوں کی اب تک جان بچا چکی ہے۔ انہیں کانوڑیوں میں سے ایک 21 سالہ مونو سنگھ بھی ہے جو 23 جولائی کو گنگا کی تیز لہروں میں پھنس گیا، جس کے بعد عاشق علی نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر گنگا میں چھلانگ لگاکر اس کی جان بچائی۔ خبروں کے مطابق منگل (23 جولائی) کو کانگڑا گھاٹ پر کانوڑ یاترا کے دوران فرید آباد کے پیر بابا محلہ کا رہنے والا ایک 21 سالہ نوجوان مونو سنگھ گنگا کی تیز لہروں میں پھنس گیا اور ڈوبنے لگا۔ گھاٹ پر تعینات ایس ڈی آر ایف کے ہیڈکانسٹبل عاشق علی کی نظر جیسے ہی ڈوبتے ہوئے مونوسنگھ پر پڑی، وہ وقت ضائع کیے بغیر گنگا میں کود گئے اور مونو سنگھ کے پاس پہنچ کر اس کی جان بچائی۔ عاشق علی کی اس بہادری کی خوب تعریف کی جا رہی ہے۔ اس واقعہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے ہیڈ کانسٹیبل عاشق علی نے انڈین ایکسپریس کو بتایا کہ وہ کانگڑا گھاٹ پر معمول کے مطابق اپنی ڈیوٹی کر رہے تھے کہ انہوں نے مونو کو دیکھا جو تیر کر گنگا نندی کو عبور کرنے کی کوشش کر رہا تھا لیکن وہ درمیان میں ہی تھک کرلہروں میں پھنس گیا۔ جس کے بعد اسے بچانے کے لیے میں نے گنگا ندی میں چھلانگ لگا دی۔ عاشق علی نے کہا کہ یہ ان کا کام ہے۔ وہ اور ان کی ٹیم برسوں سے یہ کام کر رہی ہے۔ وہ ہر سال تقریباً 40-50 کانوڑیوں کی جان بچاتے ہے۔ عاشق علی نے بتایا کہ اس کے لیے ہمیں خصوصی تربیت دی گئی ہے۔