لکھنو3مارچ:اتر پردیش کے گوتم بدھ نگر میں ایک بڑا حادثہ پیش آیا ہے۔ گریٹر نوئیڈا ویسٹ علاقے میں واقع بلو سفایر مال میں چھت کی گرل ٹوٹ کر گرنے سے دو لوگوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ دونوں لوگ گھومنے مال پہنچے تھے اور مال کی چھت کے اوپر کھڑے تھے۔ اسی وقت گرل ٹوٹ گئی اور اس کے ساتھ وہ دونوں اونچائی سے نیچے گرے اور جائے حادثہ پر ہی دونوں کی موت ہو گئی۔ اس حادثہ کے بعد وہاں پر چیخ و پکار کا عالم پیدا ہو گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ حادثہ کا شکار ہوئے دونوں افراد کی عمر 35 سال تھی۔ مہلوکین میں سے ایک کا نام ہریندر بھاٹی ہے، جبکہ دوسرے کا نام شکیل ہے۔ دونوں کی لاشوں کا پنچ نامہ کر پولیس نے پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔ جائے حادثہ پر افسران اور پولیس فورس اب بھی موجود ہے۔ افسران اس حادثہ کی تحقیقات کر رہے ہیں اور دیگر قانونی کارروائی بھی کی جا رہی ہے۔ حادثہ کے بارے میں گریٹر نوئیڈا پولیس سے ملی جانکاری کے مطابق تھانہ بسرکھ علاقہ میں واقع اپستال سے تھانے کو خبر ملی۔ اس میں بتایا گیا کہ بلو سفایر مل پر چھت سے لوہے کا اسٹرکچر (گرل) گرنے سے دو لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ خبر ملتے ہی پولیس جائے وقوع پر پہنچی اور جانچ شروع کر دی۔