بھوپال:08؍دسمبر:نائب وزیراعلیٰ مسٹر راجیندر شکل نے منترالیہ میں ریوا ضلع میں جل جیون مشن کے تحت جاری کاموں کا باریکی سے جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ گرام پنچایتوں کے ساتھ تال میل میں چھوٹی بستیوں میں بھی آبنوشی فراہمی سے متعلق کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان بستیوں میں پینے کے صاف پانی کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں اور ان پر موثر عمل درآمد ضروری ہے۔ نائب وزیراعلیٰ مسٹر شکل نے کہا کہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ اور پنچایت اور دیہی ترقیات محکمے کے درمیان موثر تال میل ہر گھر تک نل کے ذریعے پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کے مقصد کو حاصل کرنے کے لیے بہت ضروری ہے۔
نائب وزیراعلیٰ مسٹر شکل نے ہنوتی گئوشالا میں ترقیاتی کاموں کا بھی جائزہ لیا۔
انہوں نے ہدایت دی کہ علاقے کی ضروریات کے مطابق شیڈ کی تعمیر کی تجویز پر نظر ثانی کی جائے۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت دی کہ گوونش وہار کو قدرتی کھیتی کے ماڈل میں اپ گریڈ کرنے کے لیے ہر ممکن مدد اور رہنمائی فراہم کی جائے۔
میٹنگ میں ایڈیشنل چیف سکریٹری پنچایت اور دیہی ترقی مسز دیپالی رستوگی ، پرنسپل سکریٹری، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، مسٹر پی. نرہری، ایم ڈی مدھیہ پردیش جل نگم مسٹر وی ایس چودھری، ڈائریکٹر پنچایت مسٹرچھوٹے سنگھ اور متعلقہ محکموں کے سینئر افسران موجود تھے۔








