گجرات میں سومناتھ مندر کے قریب ہنگامہ کے درمیان ہوئی بلڈوزر کارروائی 135 افراد زیر حراست

0
2

نئی دہلی28ستمبر:گجرات کے گیر سومناتھ ضلع میں سومناتھ مندر کے پاس بلڈوزر کارروائی ہوئی جس میں زبردست ہنگامہ والا ماحول دیکھنے کو ملا۔ سومناتھ مندر کے پاس موجود سرکاری زمین پر بڑے علاقہ میں ناجائز قبضہ تھا جس کو ہٹانے کے لیے ہفتہ کے روز مہم چلائی گئی۔ اس مہم کے دوران تقریباً 135 افراد کو حراست میں لیے جانے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ یہ کارروائی ہفتہ کی علی الصبح (تقریباً 3.30 بجے) شروع ہوئی جو دیر تک چلتی رہی۔ آج ہوئی بلڈوزر کارروائی سے متعلق ضلع انتظامیہ کی طرف سے بیان جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سومناتھ مندر والی جگہ، ویراول کے پربھاس پاٹن میں سرکاری اراضی پر ناجائز ڈھانچوں کو ہٹانے کے لیے چلائی گئی مہم کے لیے سینکڑوں پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تجاوزات ہٹانے کی مہم کے دوران مذہبی ڈھانچوں اور کنکریٹ کے گھروں کو منہدم کر دیا گیا۔ دی گئی جانکاری کے مطابق علاقہ سے 60 کروڑ روپے قیمت کی تقریباً 15 ہیکٹیر سرکاری اراضی کو قبضہ سے آزاد کرایا گیا۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ تجاوزات ہٹانے کی اس کارروائی کے لیے 52 ٹریکٹرس، 58 بلڈوزرس، 2 کرین، 5 ٹرک، 2 ایمبولنس اور 3 فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کا استعمال کیا گیا۔ سینئر پولیس اور ضلع انتظامیہ کے افسران کے ساتھ ہی 788 پولیس اہلکار اور ریاستی ریزرو پولیس فورس کے جوانوں کی تعیناتی بھی کی گئی تھی۔ اتنا ہی نہیں، 3 پولیس سپرنٹنڈنٹ، 4 ڈپٹی پولیس سپرنٹنڈنٹ، 12 انسپکٹر، 24 ڈپٹی انسپکٹر، ایڈیشنل ضلع مجسٹریٹ، سب ڈویژنل مجسٹریٹ اور ایگزیکٹیو مجسٹریٹ بھی موجود تھے۔