برسبین، 14 دسمبر (یو این آئی) آسٹریلیا اور ہندوستان کے درمیان پانچ ٹیسٹ میچوں کی بارڈر گاوسکر ٹرافی سیریز کا تیسرا میچ ہفتہ کو گابا میں شروع ہوا۔ تیسرے ٹیسٹ کے پہلے دن مسلسل بارش کی وجہ سے رخنہ پڑا اور پہلے دن صرف 13.2 اوور کرائے جاسکے جس میں میزبان ٹیم نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے 28 رن بنائے۔ ہندستانی کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ ہندوستانی پلیئنگ الیون میں دو تبدیلیاں کی گئیں۔ آر اشون اور ہرشیت رانا کی جگہ رویندر جڈیجہ اور آکاش دیپ کو ٹیم میں جگہ دی گئی۔ آسٹریلیا ایک تبدیلی کے ساتھ گابا میں اترا ہے۔ اسکاٹ بولینڈ کی جگہ جوش ہیزل ووڈ کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔میچ کے پہلے دن کے پہلے سیشن میں بارش کی وجہ سے کھیل دو بار روکا گیا۔ لنچ سے قبل بارش کے بعد کھیل دوبارہ شروع نہ ہوسکا۔ میچ آفیشلز نے بقیہ دنوں کے لیے میچ جلد شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اگر موسم ٹھیک رہا تو دوسرے دن 98 اوورز کا کھیل ہوگا۔ پہلے دن کے کھیل میں آسٹریلیا کی جانب سے اوپنر عثمان خواجہ 47 گیندوں پر 19 رن بنانے کے بعد میدان میں موجود رہے اور نیتھن میک سوینی نے 33 گیندوں پر صرف چار رن بنائے۔ آسٹریلیائی اوپنرز نے محتاط انداز میں ہندستانی گیند بازوں محمد سراج اور آکاش دیپ کی جارحانہ باؤلنگ کا سامنا کیا اور بارش شروع ہونے سے قبل بغیر کسی نقصان کے 28 رن بنا لیے۔ سراج اور آکاش دیپ دونوں نے نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا اور وکٹیں لینے کی پوری کوشش کی لیکن دونوں گیند باز کامیاب نہ ہو سکے۔ پہلے دن کا میچ بوندا باندی سے شروع ہوا اور لنچ سے قبل شدید بارش کی وجہ سے گراؤنڈ میں پانی بھر گیا، حالانکہ گراؤنڈ میں نکاسی کا بہت اچھا نظام تھا۔ گراؤنڈ اسٹاف نے انتھک محنت کی لیکن جب صورتحال بہتر نہ ہوئی تو دوپہر کے کھانے کے بعد کھیل کو باضابطہ طور پر ختم کر دیا گیا۔