بھوپال:26؍اپریل:اسلام کے پانچ بنیادی ارکان میں سے ایک رکن یعنی حج سے متعلق تفصیلی معلومات اور عازمین حج کی تربیتی کیمپ منعقد کئے جاتے ہیں۔ تاکہ بندگان الٰہی کو حج کرنے میں آسانی ہو اورجیتے جی اللہ رب العزت سے اپنے گناہوں کی معافی مانگ سکے،تاکہ دنیا وآخرت بہترہو۔حاجی اگراپنے مقام کوسمجھ لے تو کبھی دوبارہ گناہ کے قریب تک نہ جائے۔ انہیں مسائل سے واقف کرانے کے لئے حج تربیتی کیمپ لگائے جاتے ہیں۔حج کاموسم شروع ہونے سے قبل راجدھانی بھوپال میں مختلف مقامات پر حج تربیتی کیمپ منعقد کئے جاتے ہیں۔ تاکہ عازمین حج کو صحیح معلومات فراہم ہوسکے اوروہ دوران حج اپنے ارکان مکمل کر سکے۔ ان حج تربیتی کیمپوں میں ایک کیمپ مفتی شہربھوپال مفتی محمدالکلام صاحب قاسمی کے زیرانتظام بمقام جامعہ ابوطلحہ سرائے سکندری ریلوے اسٹیشن پلیٹ فارم نمبر ایک پرمنعقد کیاجاتاہے،جوکہ عیدالفطر کے چوتھے روز سے ہی شروع کردیاجاتاہے۔ گزشتہ 17سالوں سے اس حج تربیتی کیمپ میں ہزاروں کی تعداد میں عازمین تربیت لیکر اپنے حج کے ارکان مکمل چکے ہیں۔
بھوپال واطراف سے تقریباً ایک ہزار سے زائد عازمین مفتی صاحب سے حج کی تربیت لینے ان کے کیمپ میں شریک ہوتے ہیں۔ اس دوران مفتی صاحب حج کے روز اول سے لیکر ایک ایک رکن پر عازمین کوخاص توجہ دلاتے ہوئے انہیں پورا کرنے کے آسان طریقے سے واقف کراتے ہیں۔ اس دوران مفتی شہر مفتی محمدابوالکلام قاسمی نے خاص طورپر عازمین سے تلقین کی کہ حج کے دن عرفات کے وقوف کے علاوہ کوئی عمل نہیں رکھا گیا، بس انسان اللہ تعالیٰ سے دعا مانگتا رہے ۔دریں اثنا گزشتہ 14روز سے چل رہے اس حج تربیتی کیمپ کاآج بروز سنیچرآخری دن ہے، آج بعد نماز عشاءکیمپ کااختتام ہوگا۔عازمین سے اپیل ہے کہ وہ آج کے اس نورانی محفل میںشریک ہوکر حج سے متعلق معلومات سے استفادہ کریں۔اللہ ہرمسلمان کو موت سے قبل حج کی سعاد ت نصیب فرمائے۔آمین۔