ترواننت پورم15اپریل: وزیر اعظم کی سخت سیکوریٹی کے بارے میں تو سھی جانتے ہوں گے مگر اس سخت سیکوریٹی کی وجہ سے اگر کسی کی جان جانے لگے تو معاملہ تشویشناک ہو جاتا ہے۔ پی ایم مودی آج جنوبی ہندوستان کے انتخابی مہم کے تحت دورے پر ہیں جہاں کیرالہ میں ان کی سیکوریٹی کے لیے لگائی رسی میں پھنس کر ایک نوجوان کی موت ہوگئی ہے۔ نیو ز پورٹل ’اے بی پی ‘ پر شائع خبر کے مطابق کیرالہ کے کوچی میں وزیر اعظم نریندر مودی کے دورے کے لیے کیے گئے حفاظتی انتظامات کے تحت ایک بائک سوار کی رسی میں پھنس جانے سے موت ہو گئی۔ پولیس نے یہ معلومات پیر یعنی 15 اپریل کو دی ہے۔ خبر کے مطابق اتوار کی رات 10.30 بجے پیش آنے والے اس حادثے میں ودوتھلا کے رہنے والے منوج اننی کی موت ہو گئی۔ پولیس نے بتایا کہ انی کو قریبی اسپتال لے جایا گیا لیکن وہ بچ نہیں سکا۔ اننی کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ بغیر کسی وارننگ کے سڑک پر رسی باندھی گئی تھی اور رات کو رسی کو دیکھنا بہت مشکل تھا۔ متوفی کے ایک رشتہ دار نے بتایا کہ وزیراعظم کے دورے کے لیے حفاظتی انتظامات کے تحت ایک رسی باندھی گئی تھی۔ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ رات کو رسی نظر آئے، نہ تو کوئی ربن باندھا گیا اور نہ ہی کوئی نشان لگایا گیا۔ دراصل وزیر اعظم مودی آج کیرالہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی انتخابی مہم چلانے گئے ہوئے ہیں جہاں کی 20 لوک سبھا سیٹوں کے لیے 26 اپریل کو ووٹنگ ہونی ہے۔
گونڈہ:15اپریل(یواین آئی) اترپردیش کے ضلع گونڈہ کے ترب گنج علاقے میں پیر کو ٹرکٹر۔ٹرالی کی زد میں آنے سے بائیک سوار خاتون کی موت ہوگئی۔