نئی دہلی9مارچ: عام آدمی پارٹی کے کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے بی جے پی پر محلہ کلینک کی تعمیر میں رخنہ اندازی کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ خیال رہے کہ ’محلہ کلینک‘ عام آدمی پارٹی کی حکومت کا صحت کے میدان میں اٹھایا گیا ایک پرجوش اقدام ہے۔ کیجریوال نے حزب اختلاف کے رہنماؤں کے خلاف تحقیقاتی ایجنسیوں کی طرف سے کی جا رہی کارروائی پر بھی تنقید کی اور بی جے پی کو نشانہ بنایا۔ کیجریوال نے کہا، ’’اگر رام جی اس دور میں ہوتے تو بی جے پی ان کے پاس ای ڈی اور سی بی آئی بھیجتی اور ان پر دباؤ ڈالتی اور کہتی کہ آپ کو بی جے پی میں شامل ہونا پڑے گا، ورنہ آپ کو جیل جانا پڑے گا۔‘‘ بجٹ پر بحث کے دوران کیجریوال نے اپنے دوست اور سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کو بھی یاد کیا اور سسودیا کو اپنا چھوٹا بھائی قرار دیا۔ کیجریوال نے کہا، “آج جب ہم بجٹ پر بحث کر رہے ہیں، مجھے اپنے چھوٹے بھائی منیش سسودیا کی بہت یاد آ رہی ہے۔ پچھلے 9 بجٹ منیش سسودیا نے پیش کیے تھے۔ یہ ہماری حکومت کا پیش کردہ 10 واں بجٹ ہے اور مجھے پورا بھروسہ ہے کہ وہ آئندہ اسمبلی انتخابات کے بعد اگلا بجٹ ضرور پیش کریں گے۔‘‘