نئی دہلی 23:دہلی آبکاری پالیسی سے متعلق مبینہ منی لانڈرنگ معاملے میں دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال اور بی آر ایس لیڈر کے. کویتا کو ایک بار پھر عدالت سے راحت نہیں مل سکی۔ منگل کے روز دہلی آبکاری معاملہ سے متعلق ای ڈی کیس میں دہلی کے راؤز ایونیو کورٹ میں سماعت ہوئی جس میں عدالت نے کیجریوال کی عدالتی حراست 7 مئی تک بڑھانے کا فیصلہ سنایا۔ کیجریوال کے ساتھ ساتھ بی آر ایس لیڈر کویتا اور چنپریت سنگھ کی عدالتی حراست میں بھی 7 مئی تک توسیع کی گئی ہے۔ تینوں کو آج ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق راؤز ایونیو کورٹ نے جیل افسران کو ہدایت دی ہے کہ اروند کیجریوال اور کے. کویتا کو 7 مئی بروز منگل 2 بجے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ پھر سے پیش کیا جائے۔ حالانکہ دہلی کے وزیر اعلیٰ کی ایک عرضی سپریم کورٹ میں زیر التوا ہے جس میں انھوں نے منی لانڈرنگ کے الزام میں ای ڈی کے ذریعہ 21 مارچ کو کی گئی ان کی گرفتاری کو چیلنج پیش کیا ہے۔ عدالت عظمیٰ نے اس معاملے میں 15 اپریل کو سماعت کی تھی اور ای ڈی سے جواب طلب کیا تھا۔ ای ڈی کا جواب داخل ہونے تک کیجریوال کو فوری راحت دینے سے سپریم کورٹ نے انکار کر دیا تھا۔