نئی دہلی، 24 اکتوبر (یو این آئی) اگلے سال جنوری میں منعقد ہونے والے کھو-کھو ورلڈ کپ سے پہلے ہندوستانی ٹیم کے لئے ایک ماہ طویل فٹنس اور فیلڈنگ ٹریننگ کیمپ 8 دسمبر کو یہاں کے اندرا گاندھی انڈور اسٹیڈیم میں منعقد کیا جائے گا۔ کھو کھو فیڈریشن کے صدر سدھانشو متل نے آج یہاں کہا کہ اس کیمپ کے ذریعے کھلاڑیوں میں ٹیم اسپرٹ کو ابھارنے اور ان کی جسمانی اور ذہنی صلاحیت کو بڑھانے پر توجہ دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اس کیمپ میں مرد اور خواتین کی ہر ٹیم کے ساٹھ کھلاڑیوں کو ورلڈ کپ مقابلوں کے مختلف پہلوؤں کے حوالے سے بھرپور تربیت دی جائے گی۔ ان 60 کھلاڑیوں کو قومی سلیکشن کمیٹی نے قومی کھو کھو چیمپئن شپ میں بہتر کارکردگی کی بنیاد پر منتخب کیا ہے۔ اس تربیتی کیمپ کے ذریعے مرد اور خواتین دونوں ٹیموں سے 15 کھلاڑیوں کو کھو کھو ورلڈ کپ کے لیے منتخب کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 13 سے 19 جنوری 2025 تک ہونے والے اس ورلڈ کپ میں چھ براعظموں کے 24 ممالک کی 16 مردوں اور 16 خواتین کی ٹیمیں شامل ہوں گی۔ اس وقت کھو کھو دنیا کے 54 ممالک میں کھیلا جا رہا ہے۔