نئی دہلی، 9 جنوری (یو این آئی) کھوکھو فیڈریشن آف انڈیا (کے کے ایف آئی) اور بین الاقوامی کھوکھو فیڈریشن (آئی کے کے ایف) نے آج کو کھوکھو ورلڈ کپ 2025 کے لئے ہندوستانی مردوں اور خواتین پر مشتمل ٹیموں کا اعلان کیا۔ کے کے ایف آئی کے صدر سدھانشو متل نے آج یہاں15 رکنی مردوں اور خواتین کی ٹیموں کا اعلان کیا۔علاوہ ازیںمردوں اور خواتین کی ٹیموں میں تین تین کھلاڑیوں کو اضافی کھلاڑی کے طور پر رکھا گیا ہے۔خیال رہے کہ کھو کھو گیم کا یہ میگا ایونٹ 13 تا 19 جنوری تک منعقدہو گا۔ کھو کھو ورلڈ کپ کا آغاز 13 جنوری 2025 کو ہندوستان اور نیپال کی ٹیموں کے درمیان شام 7 بجے اندرا گاندھی انڈور اسٹیڈیم میں ہوگا۔ مسٹر متل نے مزید کہاکہ ہماری قومی ٹیموں کا انتخاب کھو کھو کے لئے ایک تاریخی لمحہ ہے کیوں کہ ہم پہلی بار ورلڈ کپ کی میزبانی کرنے جا رہے ہیں۔ دنیا بھر سے 23 ممالک کی شرکت کے ساتھ یہ ٹورنامنٹ عالمی سطح پر ہندوستان کے کھیلوں کی وراثت کو ظاہر کرے گا۔ ہماری مرد اور خواتین دونوں ٹیمیں ملک بھر سے بہترین ٹیلنٹ کی نمائندگی کرتی ہیں، مردوں کی ٹیم کی قیادت پرتیک وائیکر اور خواتین کی ٹیم کی قیادت پرینکا انگلے کریں گی۔ تجربہ کار کوچنگ اسٹاف کے ساتھ دونوں ٹیمیں اپنی غیر معمولی کارکردگی کے تئیں پراعتماد ہیں۔ یہ ورلڈ کپ صرف ایک ٹورنامنٹ نہیں ہے، یہ کھوکھو کے ایک روایتی ہندوستانی کھیل سے ایک بین الاقوامی مسابقتی ایونٹ تک کے ارتقاءکا ثبوت ہے جس کا مقصد اولمپک سطح تک پہنچنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2016 کے ایکلویہ ایوارڈ یافتہ پرتیک وائیکر مردوں کی ٹیم کی قیادت کریں گے۔ انھوں نے آٹھ سال کی عمر میں کھو کھو کھیلنا شروع کیا۔انھوں نے کمپیوٹر سائنس اورمالیات میں ڈگری حاصل کرنے کے باوجود کھو کھو اپنایااور اسپورٹس کوٹہ کے ذریعے ملازمت حاصل کی۔اس موقع پرہاکی چمپئن اسلم شیر خان نے کھوکھوورلڈکپ کے انعقاد پر مسٹر سدھانشو متل کو مبارک باد دےتے ہوئے کہا کہ کھوکھو کا ورلڈ کپ ہونا بہت بڑی بات ہے۔اس میں مسٹر متل اور ان کی ٹیم نے بے انتہا محنت کی ہے ۔امید ہے کہ ہماری ٹیم اس میچ میں بہترین کاکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ورلڈکپ جیتے گی۔ کے کے ایف آئی کے جنرل سکریٹری ایم ایس تیاگی نے کہا، ”ہمارا انتخابی عمل شفاف رہا ہے۔ ہمارے پاس دونوں زمروں میں سب سے مضبوط ٹیمیں ہیں جو ہندوستان کی نمائندگی کرتی ہیں۔ دنیا کے 23 ممالک کی شرکت کرنے والی ٹیمیں اس کھیل کے لیے انتہائی پرجوش ہیں۔ یہ ورلڈ کپ نہ صرف ہندوستان کی تنظیمی صلاحیتوں کو ظاہر کرے گا بلکہ کھو کھو کو ایک بڑے بین الاقوامی کھیل کے طور پر قائم کرنے میں بھی مدد کرے گا۔
خواتین ٹیم کی قیادت پرینکا انگلے کریں گی۔ وہ 23 قومی چمپئن شپ میں حصہ لے کر ٹیم کا بنیادی حصہ رہی ہیں۔ اس کی کامیابیوں میں ایلا ایوارڈ (بہترین سب جونیئر کھلاڑی)، رانی لکشمی بائی ایوارڈ (2022 سینئر نیشنل) اور چوتھی ایشین کھو-کھو چمپئن شپ 2022-23 میں گولڈ میڈل شامل ہیں۔ ایم کوم کی ڈگری کے ساتھ وہ آل راؤنڈرہیں۔ وہ اب سخت تربیتی معمول کو برقرار رکھتے ہوئے ممبئی میں محکمہ انکم ٹیکس میں ملازم ہے۔خیال رہے کہ آئی ٹی او میں واقع اندرا گاندھی انڈور اسٹیڈیم میں ہونے والے اس کھیل میں ایشیا کی بڑی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔